فیفا ورلڈ کپ 2026 کے پری کوارٹر فائنل میں یورپی چیمپئن اسپین نے انجری ٹائم میں کیے گئے فیصلہ کن گول کی بدولت پرتگال کو 0-1 سے شکست دے کر کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی، جبکہ 41 سالہ کرسٹیانو رونالڈو کے ورلڈ کپ کیریئر کا بھی اختتام ہو گیا۔
امریکا کی ریاست ٹیکساس کے شہر آرلنگٹن میں کھیلے گئے مقابلے میں دونوں ٹیموں کے درمیان سخت مقابلہ دیکھنے میں آیا، تاہم مقررہ وقت کے اختتام تک کوئی بھی ٹیم گول نہ کر سکی۔ جب میچ اضافی وقت کی جانب بڑھتا دکھائی دے رہا تھا تو انجری ٹائم کے پہلے منٹ میں متبادل کھلاڑی فیران ٹوریس کے شاندار پاس پر میکل میرینو نے گول کرکے اسپین کو فتح دلا دی۔
اس شکست کے ساتھ پرتگال کے اسٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو کا آخری ورلڈ کپ بھی اختتام پذیر ہوگیا۔ میچ کے بعد رونالڈو جذباتی دکھائی دیے اور ان کی آنکھوں میں آنسو بھی نظر آئے۔ انہوں نے میچ سے قبل ہی اعلان کیا تھا کہ یہ ان کے کیریئر کا آخری ورلڈ کپ ہوگا، تاہم انہوں نے بین الاقوامی فٹبال سے ریٹائرمنٹ کے بارے میں کوئی حتمی فیصلہ ظاہر نہیں کیا۔
اسپین کے کپتان روڈری نے ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی ٹیم نے صبر اور پختگی کا مظاہرہ کیا اور درست وقت پر کامیابی حاصل کی۔ انہوں نے میچ ونر میکل میرینو کی تعریف کرتے ہوئے انہیں غیر معمولی صلاحیتوں کا حامل کھلاڑی قرار دیا۔
میچ میں اسپین نے ابتدا ہی سے بہتر کھیل پیش کیا اور پہلے ہاف میں کئی مواقع بھی بنائے، لیکن پرتگال کے گول کیپر ڈیوگو کوسٹا نے عمدہ بچاؤ کرتے ہوئے ٹیم کو مقابلے میں برقرار رکھا۔ دوسری جانب رونالڈو بھی اپنی تین گولوں کی تعداد میں اضافہ نہ کر سکے اور دفاعی حصار توڑنے میں ناکام رہے۔
میچ سے قبل پرتگال کے مرحوم فٹبالر ڈیوگو جوٹا کو اسٹیڈیم میں خراجِ عقیدت بھی پیش کیا گیا، جہاں بڑی اسکرین پر ان کی تصویر دکھائی گئی اور شائقین نے خاموشی اختیار کی۔
کوارٹر فائنل میں اسپین کا مقابلہ بیلجیم سے ہوگا، جس نے اپنے پری کوارٹر فائنل میں امریکا کو 1-4 سے شکست دے کر اگلے مرحلے کے لیے کوالیفائی کیا ہے۔ اسپین اب 2010 کے بعد دوسری مرتبہ ورلڈ کپ ٹائٹل جیتنے کے خواب کو حقیقت میں بدلنے کے لیے اپنی مہم جاری رکھے ہوئے ہے۔











