اہم ترین

شارجہ سے آنے والا کارگو طیارہ کراچی کے قریب کھلے سمندر میں لاپتہ

شارجہ سے کراچی کے لیے روانہ ہونے والا نجی فضائی کمپنی کے ٹو ایئر ویز کا کارگو طیارہ بحیرۂ عرب میں لاپتہ ہو گیا ہے، جبکہ سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن دوسرے روز بھی جاری ہے۔

پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کے مطابق پرواز کے دوران طیارے نے نیوی گیشن سسٹم میں خرابی کی اطلاع دی تھی۔ کچھ ہی لمحوں بعد ریڈار پر اس کی پرواز غیر معمولی دکھائی دی اور پھر کراچی سے تقریباً 155 ناٹیکل میل مغرب میں اس سے رابطہ منقطع ہو گیا۔

فلائٹ ٹریکنگ ڈیٹا کے مطابق طیارہ آخری لمحات میں انتہائی غیر معمولی انداز میں بلندی کھونے اور دوبارہ اوپر جانے کے بعد تیزی سے نیچے آیا۔ آخری موصولہ معلومات کے مطابق طیارہ سطح سمندر سے تقریباً 1,100 فٹ کی بلندی پر تھا اور غیر معمولی رفتار سے نیچے آ رہا تھا۔

لاپتہ بوئنگ 737-400 کارگو طیارے میں پانچ افراد سوار تھے، جن میں پائلٹ، فرسٹ آفیسر، لوڈ ماسٹر اور دو انجینیئر شامل ہیں۔ حکام کے مطابق سرچ آپریشن میں بحریہ، فضائیہ اور دیگر متعلقہ ادارے حصہ لے رہے ہیں، تاہم اب تک طیارے کا کوئی سراغ نہیں مل سکا۔

پاکستان