اہم ترین

رجب بٹ کیس: آئی جی سندھ کو 3 ہفتوں میں تحقیقات مکمل کرنے کا حکم

سندھ ہائیکورٹ نے یوٹیوبر رجب بٹ کے خلاف درج مقدمہ خارج کرنے کی درخواست پر آئی جی سندھ کو تین ہفتوں کے اندر تحقیقات مکمل کرانے کا حکم دے دیا۔

عدالت نے اپنے تحریری حکم نامے میں قرار دیا کہ اگر تحقیقات کے دوران ملزم کے خلاف مؤثر شواہد نہ ملیں تو قانون کے مطابق مقدمہ منسوخ کرنے سے متعلق مناسب رپورٹ مجسٹریٹ کے روبرو پیش کی جائے۔

سماعت کے دوران درخواست گزار کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ رجب بٹ کے خلاف درج مقدمہ بدنیتی پر مبنی ہے۔ انہوں نے کہا کہ رجب بٹ نے تحقیقاتی عمل میں مکمل تعاون کیا اور خود پیش بھی ہوئے، تاہم بیماری کے باعث ایک موقع پر پیش نہ ہونے کی وجہ سے ان کی ضمانت کی درخواست خارج کر دی گئی۔ وکیل نے مزید بتایا کہ عدالتی احاطے میں رجب بٹ پر حملہ بھی کیا گیا تھا اور مقدمہ درج کرتے وقت ضابطہ فوجداری کے تقاضے بھی پورے نہیں کیے گئے۔

دوسری جانب پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ فارنزک رپورٹ تاحال موصول نہیں ہوئی، جس کے بعد ہی چالان مکمل کرکے متعلقہ عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

تحریری فیصلے میں سندھ ہائیکورٹ نے ریمارکس دیے کہ 15 جنوری 2025 کو مقدمہ درج ہونے کے باوجود اتنا طویل عرصہ گزرنے کے بعد بھی تحقیقات مکمل نہ ہونا تشویشناک ہے۔ عدالت نے کہا کہ حتمی چالان سے قبل ایف آئی آر کے اخراج سے متعلق کوئی حتمی رائے دینا مناسب نہیں، تاہم بادی النظر میں ریکارڈ پر ایسا مواد موجود نہیں جو درخواست گزار کو جرم سے جوڑتا ہو۔

عدالت نے مزید قرار دیا کہ کسی بھی شہری کو غیر معینہ مدت تک تحقیقات اور غیر یقینی صورتحال میں رکھنا قانون اور انصاف کے تقاضوں کے منافی ہے۔

سندھ ہائیکورٹ نے آئی جی سندھ کو ہدایت کی کہ وہ ذاتی طور پر اس مقدمے کی نگرانی کریں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ تحقیقات قانون کے مطابق، منصفانہ اور غیر جانبدارانہ انداز میں مکمل ہوں، جبکہ تمام کارروائی تین ہفتوں کے اندر مکمل کی جائے۔

پاکستان