بالی ووڈ کے معروف گلوکار اور میوزک کمپوزر امال ملک نے دعویٰ کیا ہے کہ اداکار عمران ہاشمی کی آنے والی فلم آواراپن 2 اور اس کے میوزک البم کے خلاف مبینہ طور پر پیڈ پی آر مہم چلائی جا رہی ہے۔
آواراپن 2 عمران ہاشمی کی 2007 میں ریلیز ہونے والی مقبول فلم آواراپن کا سیکوئل ہے، جو 14 اگست کو سینما گھروں میں ریلیز ہونے والی ہے۔ فلم کے میوزک اور عمران ہاشمی کی بڑے پردے پر واپسی پر شائقین میں خاصی دلچسپی پائی جا رہی ہے۔
فلم کا نیا گانا یہ آواراپن 21 جولائی کو ریلیز کیا گیا تھا، جسے معروف گلوکار اریجیت سنگھ نے آواز دی ہے جبکہ اس کی موسیقی معروف موسیقار انو ملک کے بیٹے امال ملک نے ترتیب دی ہے۔
گانے کی ریلیز کے ایک روز بعد امال ملک نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک تفصیلی پوسٹ شیئر کرتے ہوئے اپنے خدشات کا اظہار کیا۔
امال ملک نے پہلے ان مداحوں کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے گانے کو پسند کیا اور کہا کہ ہر گانے کو سامعین کے دلوں تک پہنچنے کے لیے وقت درکار ہوتا ہے۔ ان کے مطابق موسیقی فوری ردعمل سے نہیں بلکہ آہستہ آہستہ لوگوں کے دلوں میں جگہ بناتی ہے۔
اپنی پوسٹ میں امال ملک نے الزام لگایا کہ فلم انڈسٹری کے کچھ مخالف عناصر ایسی مہم چلا رہے ہیں جو نہیں چاہتے کہ آواراپن 2 یا اس کا میوزک البم کامیاب ہو۔ ایسے لوگ اپنے وسائل دوسروں کے کام کو نقصان پہنچانے پر خرچ کرنے کے بجائے اپنی تخلیقی کوششوں پر توجہ دیں۔
گلوکار نے مزید کہا کہ وہ پیڈ پی آر سے خوفزدہ نہیں ہیں کیونکہ ان کا اعتماد عوام کی محبت پر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اصل کامیابی نمبرز یا مصنوعی مہمات سے نہیں بلکہ ناظرین اور سننے والوں کے حقیقی ردعمل سے حاصل ہوتی ہے۔
امال ملک نے اپنی پوسٹ میں کسی شخص یا ادارے کا نام نہیں لیا، تاہم ان کے بیان کے بعد سوشل میڈیا پر اس حوالے سے بحث شروع ہو گئی ہے۔











