اہم ترین

گوگل پر پالیسیوں کی خلاف ورزی پر 304 ارب روپے کا جرمانہ

یورپی یونین نے امریکی ٹیکنالوجی کمپنی گوگل پر مجموعی طور پر 890 ملین یورو (تقریباً ایک ارب ڈالر) کا جرمانہ عائد کر دیا ہے، جس کی مالیت تقریباً 304 ارب پاکستانی روپے بنتی ہے۔

یورپی کمیشن نے گوگل پر 460 ملین یورو جرمانہ اس الزام پر لگایا کہ کمپنی نے سرچ نتائج میں اپنی سروسز، جیسے گوگل فلائٹس اور گوگل ہوٹلز، کو حریف کمپنیوں پر ناجائز برتری دی۔ مزید 430 ملین یورو کا جرمانہ اس وجہ سے عائد کیا گیا کہ گوگل نے ایپ ڈویلپرز کو گوگل پلے اسٹور سے باہر صارفین کو متبادل اور مفت آفرز دکھانے کی اجازت نہیں دی۔

یورپی یونین کا کہنا ہے کہ ان اقدامات کا مقصد ڈیجیٹل مارکیٹ میں منصفانہ مقابلے کو فروغ دینا اور دیگر کمپنیوں کو جدت کے مساوی مواقع فراہم کرنا ہے۔

دوسری جانب گوگل نے جرمانوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ یورپی قوانین کمپنی کو اپنی خدمات کا معیار اور سکیورٹی کم کرنے پر مجبور کر رہے ہیں۔ کمپنی کے مطابق صارفین کی پسندیدہ سہولیات، جیسے ہوٹلوں اور پروازوں کی فوری معلومات، متاثر ہوں گی۔

یورپی کمیشن نے گوگل کو 60 دن کے اندر قوانین پر مکمل عمل درآمد کی ہدایت کی ہے، بصورت دیگر کمپنی کو مزید جرمانوں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ ادھر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ پہلے ہی یورپی یونین پر امریکی ٹیکنالوجی کمپنیوں کو نشانہ بنانے کا الزام عائد کر چکی ہے، جس کے باعث دونوں فریقوں کے درمیان تجارتی تنازع مزید شدت اختیار کر سکتا ہے۔

پاکستان