اہم ترین

عبداللّٰہ فضل انجری کے باعث ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ کیخلاف ٹیسٹ سیریز سے باہر

پاکستان کرکٹ ٹیم کو ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ سیریز سے قبل بڑا نقصان اٹھانا پڑا ہے، جہاں اوپننگ بیٹر عبداللّٰہ فضل انجری کے باعث ٹیم سے باہر ہو گئے ہیں۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے مطابق ٹریننگ سیشن کے دوران عبداللّٰہ فضل کی کمر کے نچلے حصے میں تکلیف محسوس ہوئی، جس کے بعد ان کا طبی معائنہ اور ایم آر آئی کرائی گئی۔ رپورٹس کی روشنی میں ڈاکٹروں نے انہیں ری ہیب پروگرام مکمل کرنے کی ہدایت دی ہے، جس کے باعث وہ نہ صرف ویسٹ انڈیز بلکہ انگلینڈ کے خلاف آئندہ سیریز میں بھی دستیاب نہیں ہوں گے۔

پی سی بی نے بتایا ہے کہ ویسٹ انڈیز کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے لیے عبداللّٰہ فضل کے متبادل کھلاڑی کا اعلان مناسب وقت پر کیا جائے گا۔

دوسری جانب پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا آغاز کل سے ہوگا۔ میچ سے قبل برائن لارا اکیڈمی میں ٹرافی کی رونمائی کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں پاکستان کے کپتان بابر اعظم اور ویسٹ انڈیز کے کپتان روسٹن چیز نے شرکت کی۔

ٹرافی کی تقریب کے بعد قومی ٹیم نے بھرپور پریکٹس جاری رکھی۔ کھلاڑیوں نے وارم اپ، فیلڈنگ، بیٹنگ اور بولنگ سیشنز میں حصہ لیا، جبکہ کوچنگ اسٹاف نے سلپ کیچنگ پر خصوصی مشقیں بھی کروائیں تاکہ ٹیم پہلے ٹیسٹ کے لیے مکمل طور پر تیار ہو سکے۔

پاکستان