اہم ترین

نیشنل چیمپئنز کپ 2026 کے اسکواڈز اور شیڈول کا اعلان

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے نیشنل چیمپئنز کپ 2026 کے لیے چار ٹیموں کے اسکواڈز، کپتانوں اور ٹورنامنٹ کے شیڈول کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔ 50 اوورز پر مشتمل لسٹ اے ٹورنامنٹ 11 سے 18 اگست تک ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

ٹورنامنٹ میں پاکستان گرینز، پاکستان وائٹس، پاکستان بلیوز اور پاکستان گولڈ کی ٹیمیں حصہ لیں گی۔ تمام سات میچز ڈے اینڈ نائٹ ہوں گے اور ہر میچ کا آغاز سہ پہر 3 بجے ہوگا۔

پی سی بی کے مطابق یہ ٹورنامنٹ 2026-27 کے ڈومیسٹک سیزن کا آغاز ہوگا، جبکہ کھلاڑیوں کا انتخاب آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ 2027 کی تیاریوں کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔

چاروں ٹیموں کی قیادت شاہین شاہ آفریدی، شاداب خان، صائم ایوب اور صاحبزادہ فرحان کریں گے۔ قومی سلیکشن کمیٹی نے ہر ٹیم کے لیے پہلے سے طے شدہ پلیئنگ الیون کا اعلان کیا ہے، جبکہ 13 رکنی ریزرو پول بھی تشکیل دیا گیا ہے، جس سے صرف انجری یا کنکشن کی صورت میں کھلاڑی شامل کیے جا سکیں گے۔

پاکستان گرینز کی قیادت شاداب خان کریں گے، جبکہ پاکستان وائٹس کے کپتان صائم ایوب، پاکستان بلیوز کے صاحبزادہ فرحان اور پاکستان گولڈ کے شاہین شاہ آفریدی ہوں گے۔

پاکستان گولڈ کے ہیڈ کوچ مصباح الحق ہوں گے، جبکہ دیگر ٹیموں کے ہیڈ کوچز میں اعجاز احمد جونیئر، اقبال امام اور اعزاز چیمہ شامل ہیں۔

پاکستان