اہم ترین

غزہ میں اسرائیلی حملوں سے شہید فلسطینیوں کی تعداد 73 ہزار 333 تک جاپہنچی

غزہ کی وزارت صحت کے مطابق اکتوبر 2023 سے جاری جنگ کے دوران فلسطینی شہدا کی تعداد بڑھ کر 73 ہزار 333 ہو گئی ہے، جبکہ زخمیوں کی تعداد ایک لاکھ 74 ہزار 23 تک پہنچ گئی ہے۔

وزارت صحت کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران غزہ میں اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں مزید 3 فلسطینی شہید اور 14 زخمی ہوئے، جبکہ ایک فلسطینی گزشتہ حملوں میں لگنے والے زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔

بیان کے مطابق جنگ بندی معاہدہ نافذ ہونے کے بعد سے بھی اسرائیلی کارروائیاں جاری رہیں، جن میں اب تک کم از کم 1207 فلسطینی جاں بحق اور 3914 زخمی ہو چکے ہیں۔

دوسری جانب فلسطینی گروپ حماس کا مذاکراتی وفد جنگ بندی کے دوسرے مرحلے پر بات چیت کے لیے مصر کے دارالحکومت قاہرہ پہنچ رہا ہے۔

حماس کے مطابق وفد مصری، قطری اور ترک ثالثوں کے ساتھ ساتھ فلسطینی دھڑوں سے بھی ملاقات کرے گا تاکہ جنگ بندی کو مضبوط بنانے اور طے شدہ شرائط پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے طریقوں پر بات کی جا سکے۔

جنگ بندی معاہدے کا مقصد اکتوبر 2023 میں شروع ہونے والی جنگ کا خاتمہ اور اگلے مرحلے میں داخل ہونا تھا، تاہم حماس اور اسرائیل کے درمیان مذاکرات میں پیش رفت نہ ہونے کے باعث دوسرے مرحلے پر عملدرآمد تاخیر کا شکار ہے۔

پاکستان