بالی ووڈ کی مقبول ایکشن فرنچائز دھوم کے چوتھے حصے سے متعلق گردش کرنے والی خبروں پر اداکار رنبیر کپور نے خاموشی توڑتے ہوئے واضح کر دیا ہے کہ وہ دھوم 4 کا حصہ نہیں ہیں۔
دھوم فرنچائز کی پہلی فلم دھوم 2004 میں ریلیز ہوئی تھی۔ فلم میں ابھیشیک بچن، جان ابراہم، ادے چوپڑا، ایشا دیول اور ریمی سین نے مرکزی کردار ادا کیے تھے۔ 2006 میں دھوم 2 ریلیز ہوئی، جس میں ہریتھک روشن، ایشوریا رائے، ابھیشیک بچن، بپاشا باسو اور ادے چوپڑا نے اداکاری کی تھی۔ فرنچائز کی تیسری فلم دھوم 3 2013 میں ریلیز ہوئی، فلم میں عامر خان اینٹی ہیرو کے کردار میں نظر آئے، جبکہ ابھیشیک بچن، ادے چوپڑا، کترینہ کیف اور جیکی شروف بھی اہم کرداروں میں شامل تھے۔
دھوم 4 کی باضابطہ تیاری یا کاسٹ کے حوالے سے تاحال کوئی اعلان سامنے نہیں آیا، تاہم بھارتی فلم نگری میں کافی عرصے سے یہ قیاس آرائیاں کی جا رہی تھیں کہ رنبیر کپور دھوم 4 فلم میں مرکزی کردار ادا کریں گے، تاہم اداکار نے ان خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ ان کی توجہ اس وقت رامائن اور اس کے بعد لو اینڈ وار پر مرکوز ہے۔
رنبیر کپور کی تردید کے بعد اب یہ سوال برقرار ہے کہ آخر فرنچائز کی چوتھی قسط کب اور کن ستاروں کے ساتھ پردۂ سیمیں کی زینت بنے گی۔











