اگر آپ کے گوگل اکاؤنٹ کی اسٹوریج بار بار ختم ہو رہی ہے تو اس کی ایک بڑی وجہ واٹس ایپ کی تصاویر اور ویڈیوز بھی ہو سکتی ہیں۔ اینڈرائیڈ فونز میں کئی بار واٹس ایپ کی میڈیا فائلز گوگل اکاؤنٹ میں دو مختلف جگہوں پر محفوظ ہو جاتی ہیں، جس کے باعث کلاؤڈ اسٹوریج تیزی سے بھرنے لگتی ہے۔
ماہرین کے مطابق واٹس ایپ پر آنے والی تصاویر اور ویڈیوز پہلے فون کے مخصوص فولڈر میں محفوظ ہوتی ہیں۔ اگر گوگل فوٹوز میں تمام ڈیوائس فولڈرز کا بیک اپ آن ہو تو یہی فائلز دوبارہ گوگل فوٹوز پر اپ لوڈ ہو جاتی ہیں۔ اس کے علاوہ واٹس ایپ کا بیک اپ بھی گوگل ڈرائیو پر موجود رہتا ہے، جس سے ایک ہی ڈیٹا کی اضافی کاپی بن سکتی ہے۔
اس مسئلے سے بچنے کے لیے واٹس ایپ کا مکمل بیک اپ بند کرنے کی ضرورت نہیں۔ صارفین صرف گوگل فوٹوز میں واٹس ایپ فولڈر کا بیک اپ بند کر کے غیر ضروری ڈپلیکیٹ اسٹوریج سے بچ سکتے ہیں۔
سیٹنگ تبدیل کرنے کے لئے اپنے اینڈرائیڈ فون میں گوگل فوٹوز ایپ کھولیں۔اوپر دائیں جانب اپنی پروفائل تصویر پر ٹیپ کریں۔ فون سیٹنگز میں جا کر بیک اپ کا آپشن منتخب کریں۔ اور پھر بیک اپ ڈیوائس فولڈر میں جائیں۔ واٹس ایپ فولڈر کے سامنے موجود بیک اپ ٹوگل کو آف کر دیں۔
اس کے بعد واٹس ایپ کی تصاویر اور ویڈیوز گوگل فوٹوز میں دوبارہ محفوظ نہیں ہوں گی، جبکہ واٹس ایپ چیٹس اور میڈیا کا بیک اپ معمول کے مطابق جاری رہ سکتا ہے۔
اسٹوریج بچانے کے لیے ویڈیوز کو بیک اپ سے خارج کرنا، بیک اپ کی فریکوئنسی کم کرنا اور پرانے غیر ضروری بیک اپ حذف کرنا بھی مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔ گوگل اکاؤنٹ کی اسٹوریج کو بہتر طریقے سے منظم کر کے صارفین اضافی جگہ خریدنے سے بھی بچ سکتے ہیں۔











