اسرائیلی فورسز نے مقبوضہ مغربی کنارے میں یروشلم کے قریب واقع قلندیہ فلسطینی پناہ گزین کیمپ میں بڑا آپریشن کیا، جس کے بعد علاقے میں کشیدگی بڑھ گئی ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق درجنوں بکتر بند گاڑیوں کے ساتھ اسرائیلی فورسز کیمپ میں داخل ہوئیں اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ مقامی حکام کے مطابق کارروائی کے دوران کم از کم 20 فلسطینیوں کو گرفتار کیا گیا، جبکہ فوجی اہلکار کئی گھروں کی چھتوں پر تعینات رہے۔
اسرائیلی فوج کا مؤقف ہے کہ یہ آپریشن “دہشت گرد سرگرمیوں کو روکنے” اور مطلوب افراد کی گرفتاری کے لیے کیا گیا۔ اسرائیلی وزارت دفاع کے ادارے کوگاٹ نے کہا کہ کارروائی کا مقصد مبینہ عسکری عناصر، اسلحے کی موجودگی اور غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف اقدام کرنا تھا۔
دوسری جانب قلندیہ کیمپ کے مقامی نمائندوں کا کہنا ہے کہ چھاپے کے دوران راستے بند کیے گئے، املاک کو نقصان پہنچا اور رہائشیوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
قلندیہ کیمپ کے رہائشیوں میں پہلے ہی بے دخلی کے خدشات پائے جاتے ہیں۔ فلسطینیوں کا کہنا ہے کہ یروشلم کے سابق عطارات ایئرپورٹ کے قریب مجوزہ آبادکاری منصوبے کے باعث علاقے سے آبادی کی منتقلی کا خطرہ بڑھ گیا ہے، تاہم اسرائیلی حکام نے اس حوالے سے کوئی واضح مؤقف نہیں دیا۔
قلندیہ کیمپ مقبوضہ مغربی کنارے کے اہم ترین فلسطینی پناہ گزین کیمپوں میں شمار ہوتا ہے، جہاں حالیہ برسوں میں سکیورٹی آپریشنز اور سیاسی کشیدگی میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔











