اہم ترین

شہباز شریف ہی پانچ سال وزیراعظم رہیں گے: محسن نقوی

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف اپنی آئینی پانچ سالہ مدت مکمل کریں گے اور وہی پورے عرصے تک وزیراعظم رہیں گے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق محسن نقوی کا کہنا تھا کہ حکومت مستحکم ہے اور اپنی آئینی مدت پوری کرے گی، جبکہ عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں پر عملدرآمد بھی جاری رکھا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کو تمام وزارتوں کی تھرڈ پارٹی ایویلیوایشن کرانی چاہیے تاکہ ان کی کارکردگی کے حقائق عوام کے سامنے آئیں اور بہتری کے مواقع کی نشاندہی ہو سکے۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ ان کی پارلیمانی حاضری تقریباً 70 فیصد رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ سال نظام کے حوالے سے ان کا بیان حکومت کے خلاف چارج شیٹ نہیں تھا بلکہ اصلاحات کی ضرورت کی نشاندہی تھا۔

محسن نقوی نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف روزانہ 14 سے 16 گھنٹے کام کرتے ہیں، اور اگر مؤثر نظام اور مکمل تعاون میسر ہو تو نتائج مزید بہتر ہو سکتے ہیں۔حکومت کے دور میں ایف بی آر کی آمدن میں نمایاں اضافہ ہوا ہے اور سفارتی محاذ پر بھی اہم کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں۔ بعض عناصر ان کے اور وزیراعظم کے تعلقات خراب دیکھنا چاہتے ہیں، تاہم ایسی کوششیں کامیاب نہیں ہوں گی۔

پاکستان