اہم ترین

مودی کی مخالفت کا نتیجہ: بھارتی اداکار پرکاش راج کا نام ووٹر لسٹ سے ہی خارج

بھارتی فلم اداکار پرکاش راج نے دعویٰ کیا ہے کہ کرناٹک میں جاری ووٹر لسٹ کی خصوصی نظرثانی (ایس آئی آر) کے دوران بنگلورو کی ووٹر لسٹ سے ان کا نام بھی خارج کر دیا گیا ہے۔

سوشل میڈیا پر جاری ایک ویڈیو پیغام میں پرکاش راج نے کہا کہ وہ اسی حلقے میں پیدا ہوئے، یہیں رہے، ان کی اسکولنگ، کالج اور تھیٹر بھی یہیں ہوا اور وہ اسی حلقے سے لوک سبھا انتخابات میں امیدوار بھی رہ چکے ہیں۔

اداکار نے طنزیہ انداز میں کہا کہ وہ ان لاکھوں ووٹرز میں شامل ہیں جن کا ایس آئی آرکے بعد بنگلورو کے انتخابی حلقے سے ووٹ دینے کا حق ختم کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب دیکھنا ہوگا کہ اپنا ووٹر شناختی کارڈ اور ووٹ کا حق واپس حاصل کرنے کے لیے انہیں کس عمل سے گزرنا پڑتا ہے۔

پرکاش راج نے حکام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ممکن ہے کچھ شہریوں کو ووٹ کے حق سے محروم کیا جا سکے جو شاید دوبارہ حکومت کو منتخب نہ کریں، لیکن سوال یہ ہے کہ کیا شہریوں کو حکومت تبدیل کرنے کے اپنے جمہوری اختیار کے استعمال سے روکا جا سکتا ہے؟

دوسری جانب پرکاش راج نے ریاست جھارکھنڈ کے شہر رانچی میں احتجاج کرنے والے طلبہ کے خلاف پولیس کارروائی پر بھی شدید ردعمل دیا ہے۔

سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی ایک ویڈیو میں پولیس اہلکاروں کو مظاہرین پر آنسو گیس اور لاٹھی چارج کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔ پرکاش راج نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے سوال اٹھایا کہ یہ بربریت آخر کب تک برداشت کی جائے گی۔

انہوں نے خبردار کیا کہ طاقت کا اس طرح استعمال عوام میں غصہ پیدا کرے گا اور بالآخر مغرور اقتدار کے خلاف ردعمل کا باعث بن سکتا ہے۔

پاکستان