اہم ترین

ویسٹ انڈیز سے جیت کا صلہ: بابر، ساجد اور عبداللہ کی ٹیسٹ رینکنگ میں بڑی چھلانگ

ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ میچ میں شاندار فتح کے بعد بابر اعظم، عبداللہ شفیق اور ساجد خان نے آئی سی سی کی تازہ ٹیسٹ پلیئر رینکنگ میں نمایاں ترقی حاصل کرلی۔

پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو دوسرے ٹیسٹ میں 8 وکٹوں سے شکست دے کر تین سال سے زائد عرصے بعد بیرونِ ملک ٹیسٹ فتح حاصل کی، جس میں پاکستانی کپتان بابر اعظم، عبداللہ شفیق اور اسپنر ساجد خان نے اہم کردار ادا کیا۔

بابر اعظم نے میچ کی پہلی اننگز میں 88 رنز بنائے جبکہ دوسری اننگز میں ناقابلِ شکست 24 رنز بناکر پاکستان کو فتح دلانے میں اہم کردار ادا کیا۔ ان کی عمدہ کارکردگی کے نتیجے میں وہ ٹیسٹ بیٹرز کی رینکنگ میں 5 درجے بہتری کے بعد 10ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ بابر ستمبر 2024 کے بعد پہلی مرتبہ ٹیسٹ بیٹرز کی ٹاپ 10 فہرست میں شامل ہوئے ہیں۔

عبداللہ شفیق نے ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلی اننگز میں ناقابلِ شکست 160 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، جس کے بعد انہوں نے رینکنگ میں 25 درجے ترقی حاصل کی اور 32ویں پوزیشن پر پہنچ گئے۔

اسپنر ساجد خان پاکستان کے کامیاب ترین بولر رہے۔ انہوں نے ٹیسٹ بولرز کی رینکنگ میں 5 درجے بہتری کے بعد 30ویں پوزیشن حاصل کی جبکہ ٹیسٹ آل راؤنڈرز کی فہرست میں بھی 5 درجے ترقی کرکے 32ویں نمبر پر پہنچ گئے۔

تازہ رینکنگ میں آسٹریلیا کے ٹریوس ہیڈ ٹیسٹ بیٹرز میں بدستور سرفہرست ہیں، بھارت کے جسپریت بمراہ ٹیسٹ بولرز میں پہلی پوزیشن پر قائم ہیں جبکہ رویندرا جڈیجا ٹیسٹ آل راؤنڈرز کی رینکنگ میں بدستور نمبر ون ہیں۔

دوسری جانب افغانستان اور آئرلینڈ کے درمیان حالیہ ون ڈے میچز کے بعد ون ڈے رینکنگ میں بھی تبدیلیاں ہوئی ہیں۔ افغانستان کے اوپنر رحمان اللہ گرباز نے 3 درجے ترقی کے بعد 11ویں پوزیشن حاصل کرلی۔ انہوں نے بیلفاسٹ میں 71 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔

افغانستان کے کپتان راشد خان ون ڈے بولرز کی رینکنگ میں اپنی پہلی پوزیشن مزید مستحکم کرنے میں کامیاب رہے۔ آئرلینڈ کے خلاف سیریز کے دوسرے میچ میں 6 وکٹوں کی شاندار کارکردگی بھی ان کی ترقی کا سبب بنی۔

افغانستان کے حشمت اللہ شاہدی بھی ون ڈے بیٹرز کی رینکنگ میں 4 درجے ترقی کے بعد 50ویں نمبر پر پہنچ گئے، جبکہ آئرلینڈ کے کرٹس کیمفر 59ویں پوزیشن پر دوبارہ رینکنگ میں شامل ہوگئے۔ آئرلینڈ کے فاسٹ بولر مارک ایڈیئر بھی ون ڈے بولرز کی فہرست میں 17ویں نمبر پر واپس آگئے۔

پاکستان