اہم ترین

گوگل نے نئے پکسل اسمارٹ فون، واچ اور ٹریکر کا اعلان کردیا

گوگل نے اپنی نئی پکسل مصنوعات متعارف کرانے کا اعلان کردیا، جن میں ایئر ٹیگ کے مقابل پکسل ٹیگ، جدید پکسل واچ 5 اور اے آئی صلاحیتوں سے لیس پکسل 11 اسمارٹ فون شامل ہیں۔

گوگل نے نیویارک میں منعقدہ تقریب کے دوران پکسل ٹیگ پیش کیا، جو ایپل کے ایئر ٹیگ کا حریف ہے۔ 29.99 ڈالر قیمت کا یہ ٹریکنگ ڈیوائس اینڈرائیڈ فونز سے منسلک ہوکر پرس، سامان اور دیگر قیمتی اشیا تلاش کرنے میں مدد دے گا۔ کمپنی کے مطابق اس کی درستگی اتنی زیادہ ہے کہ صوفے کے پیچھے گرنے والی چابیاں بھی تلاش کی جاسکتی ہیں۔

گوگل نے پکسل واچ 5 بھی متعارف کرائی ہے، جس میں متعدد نئی سہولیات شامل کی گئی ہیں۔ گھڑی منزل تک باقی میٹرو اسٹیشنوں کی تعداد بتانے کے ساتھ صارف کے سو جانے پر آڈیو بک یا پوڈکاسٹ کو خودکار طور پر روک سکے گی۔

نئی پکسل واچ کی صحت سے متعلق صلاحیتوں میں بھی اضافہ کیا گیا ہے۔ سابقہ ماڈلز دل سے متعلق ہنگامی صورتحال کی نشاندہی کرکے ایمبولینس طلب کرنے میں مدد کرسکتے تھے، جبکہ نئی گھڑی سانس سے متعلق مسائل اور جسم میں آکسیجن کی کمی کی نشاندہی بھی کرسکے گی۔

گوگل کے نئے پکسل 11 اسمارٹ فون میں کمپنی کے جیمنئی مصنوعی ذہانت نظام کی جدید صلاحیتیں شامل کی گئی ہیں۔ فون گفتگو کے تناظر میں خودکار طور پر ایسے کام انجام دے سکے گا جو پہلے صارف کو خود کرنا پڑتے تھے۔

مثلاً فون کسی پرواز کی آمد سے متعلق موصول ہونے والے پیغام کا خودکار جواب دے سکتا ہے یا گفتگو کی بنیاد پر ریستوران میں بکنگ کرسکتا ہے۔ اس کے علاوہ بکھرے ہوئے زبانی احکامات کو واضح اور مختصر ٹیکسٹ پیغام میں تبدیل کرنے کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے۔

نئی پکسل مصنوعات کے آرڈرز بدھ سے شروع ہوں گے جبکہ یہ مصنوعات 20 اگست سے اسٹورز پر دستیاب ہوں گی۔ پکسل 11 کی ابتدائی قیمت 899 ڈالر، جبکہ پکسل واچ 5 کی قیمت 399 ڈالر مقرر کی گئی ہے۔

گوگل کو 2022 میں چیٹ جی پی ٹی کی آمد کے بعد جنریٹو مصنوعی ذہانت کے میدان میں سخت مقابلے کا سامنا کرنا پڑا، تاہم 2024 کے موسم بہار کے بعد کمپنی نے اپنی اے آئی پیش رفت کے ذریعے اس شعبے میں نمایاں رفتار حاصل کی ہے۔

پاکستان