بالی ووڈ اداکار گووندا کی نئی فلموں اور ان کی ساتھی اداکارہ کومل رانی سونارکر کے ساتھ حالیہ ملاقاتوں نے ایک بار پھر توجہ حاصل کرلی ہے۔ اداکار کی اہلیہ سنیتا آہوجا نے بھی شوہر کو نئی فلم کی اداکارہ کے ساتھ دیکھے جانے پر اپنے مخصوص بے باک اور مزاحیہ انداز میں ردعمل دے دیا۔
گووندا نے حال ہی میں اپنی آنے والی دو فلموں ’روپا‘ اور ’دنیاداری‘ کا اعلان کیا ہے۔ فلموں کے اعلان کے بعد وہ ان میں شامل اداکارہ کومل رانی کے ساتھ متعدد مرتبہ نظر آئے، جبکہ حالیہ دنوں میں دونوں کو ممبئی ایئرپورٹ پر بھی ایک ساتھ دیکھا گیا۔
گووندا کے ساتھ اداکارہ کی موجودگی سے متعلق سوال پر سنیتا آہوجا نے مسکراتے ہوئے کہا کہ فلم بن رہی ہے تو اس کی تشہیر بھی ہونی چاہیے، کیونکہ فلم بننے کے بعد ہی پروموشن کا مرحلہ آتا ہے۔
تاہم جب ان سے شوہر کے کم عمر اداکارہ کے ساتھ گھومنے پھرنے کے بارے میں پوچھا گیا تو سنیتا آہوجا نے طنزیہ انداز اپناتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی بیٹی کی عمر کی لڑکی کو ساتھ لیے پھر رہے ہیں اور انہیں کچھ شرم آنی چاہیے۔
سنیتا نے مزید کہا کہ ایک شخص کے لیے کچھ معیار بھی ہونا چاہیے اور شوہر کے انداز پر تنقید کرتے ہوئے ان کے لباس کے انتخاب پر بھی طنز کیا۔
سنیتا آہوجا اس سے قبل بھی گووندا کے ساتھ اپنی ازدواجی زندگی کے بارے میں کھل کر بات کرتی رہی ہیں۔ دونوں کے درمیان علیحدگی کی افواہیں بھی وقتاً فوقتاً سامنے آتی رہی ہیں، تاہم سنیتا کا مؤقف رہا ہے کہ وہ کسی بھی صورت گووندا کو چھوڑنے کا ارادہ نہیں رکھتیں۔
90 کی دہائی میں بالی ووڈ کے مقبول ترین اداکاروں میں شمار ہونے والے گووندا گزشتہ کئی برس سے بڑے پردے پر نمایاں نہیں ہوئے۔ ان کا فلمی کیریئر ایک عرصے تک کامیابیوں سے بھرپور رہا، تاہم بعد میں ان کی فلموں کی رفتار اور مقبولیت میں کمی آتی گئی۔
اب اداکار نے دوبارہ فلمی سرگرمیاں تیز کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ گووندا نے اپنی نئی فلموں کے ٹائٹل پوسٹر بھی جاری کیے ہیں اور بتایا ہے کہ وہ ان منصوبوں کو خود پروڈیوس کریں گے۔











