اسلام آباد: سپریم کورٹ نے بانی پی ٹی آئی کے آنکھوں کے علاج سے متعلق درخواست پر تحریری حکمنامہ جاری کردیا۔ جسٹس شاہد وحید نے سات صفحات پر مشتمل حکمنامہ تحریر کیا، جس میں تمام فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے آئندہ سماعت سے قبل تحریری جواب جمع کرانے کا حکم دیا گیا ہے۔
سپریم کورٹ نے تمام فریقین کو آئندہ سماعت پر ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کی بھی ہدایت کی ہے۔
حکمنامے کے مطابق بانی پی ٹی آئی کو آنکھوں کے علاج کے لیے شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقل کرنے کی درخواست دائر کی گئی تھی۔ درخواست میں ریٹینا اسپیشلسٹ سے علاج، ذاتی معالجین تک رسائی اور اہل خانہ کو طبی معائنے و علاج کے دوران مناسب رسائی فراہم کرنے کی استدعا کی گئی تھی۔
حکمنامے میں بتایا گیا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے 12 مارچ 2026 کو طبی سہولیات سے متعلق درخواست مسترد کردی تھی، جس کے خلاف سپریم کورٹ میں اپیل دائر کی گئی۔
سپریم کورٹ نے بانی پی ٹی آئی کا مکمل میڈیکل ریکارڈ طلب کرتے ہوئے تمام میڈیکل ٹیسٹ، رپورٹس اور علاج کی تفصیلات پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔
عدالت نے قرار دیا کہ بانی پی ٹی آئی کی صحت کی صورتحال بظاہر خراب ہوئی ہے۔ سپریم کورٹ نے ریمارکس دیے کہ جیل میں ہونے کے باوجود قیدی بہتر سلوک اور ضروری طبی سہولیات حاصل کرنے کا حق رکھتا ہے۔
حکمنامے کے مطابق بانی پی ٹی آئی کے طبی معائنے کے لیے تشکیل دیے جانے والے میڈیکل بورڈ میں فزیشن، جنرل سرجن، انٹرنل میڈیسن، آئی اسپیشلسٹ اور کارڈیالوجسٹ شامل ہوں گے۔










