بالی ووڈ اداکارہ تاپسی پنوں اور کنگنا رناوت کے درمیان جاری لفظی تنازع ایک بار پھر خبروں کی زینت بن گیا۔ تاپسی پنوں نے کنگنا کے ساتھ اپنے تعلقات پر بات کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ وہ ماضی میں بھی کنگنا سے نہیں ملیں اور مستقبل میں بھی ان سے ملاقات کا ارادہ نہیں رکھتیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق تاپسی نے کنگنا کے ساتھ اختلافات پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دونوں کا ایک دوسرے کے بارے میں بات کرنے کا انداز ان کی اپنی اپنی تربیت، سوچ اور پس منظر کی عکاسی کرتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے کنگنا سے ان تنازعات کے آغاز سے قبل بھی ملاقات نہیں کی تھی اور اب بھی ان سے نہیں ملی ہیں۔
تاپسی کے مطابق وہ کسی شخص کے بارے میں اپنی رائے اس کی بات چیت اور رویے کو دیکھ کر قائم کرتی ہیں، جبکہ کنگنا اپنے مؤقف پر قائم ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ لوگوں کے لیے یہ فیصلہ کرنا مشکل نہیں کہ کون کس اندازِ تربیت اور پس منظر کی نمائندگی کرتا ہے۔
تاپسی نے اس موقع پر سیاست میں آنے کے امکان کو بھی مسترد کرتے ہوئے کہا کہ وہ خود کو اس شعبے کے لیے بہت زیادہ حساس اور ایماندار سمجھتی ہیں۔ ان کے مطابق فی الحال وہ مزید فلمیں کرنا چاہتی ہیں اور سیاست میں شامل ہونے کا ان کا کوئی ارادہ نہیں۔
تاپسی کے بیان پر کنگنا رناوت نے بھی سخت ردعمل دیا۔ کنگنا نے انہیں ’بی گریڈ‘ قرار دیتے ہوئے الزام عائد کیا کہ وہ اپنی فلم کی تشہیر اور خبروں میں رہنے کے لیے ان کے نام کا سہارا لے رہی ہیں۔
کنگنا نے تاپسی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ان کی تربیت کا مذاق اڑانے کی حد پار کردی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ والدین اپنے بچوں کی اچھی تربیت کرنے کی پوری کوشش کرتے ہیں اور وہ کبھی کسی بحث میں والدین کو نہیں گھسیٹتیں۔
یوں دونوں اداکاراؤں کے درمیان پرانا اختلاف ایک بار پھر شدت اختیار کرگیا ہے، جہاں تاپسی نے اپنے اور کنگنا کے درمیان فاصلہ واضح کیا، وہیں کنگنا نے بھی سخت الفاظ میں جواب دے کر معاملے کو مزید نمایاں کردیا۔











