کراچی ایئرپورٹ پر کسٹمز حکام نے کارروائی کرتے ہوئے ٹورنٹو سے کراچی آنے والی پی آئی اے کی پرواز کی فضائی میزبان سے مبینہ طور پر اسمگل کیے جانے والے موبائل فونز اور اسمارٹ واچز برآمد کرلیے۔
کسٹمز ذرائع کے مطابق پی آئی اے کی پرواز پی کے 784 کی فضائی میزبان سمیرہ آفتاب کی جسمانی تلاشی لی گئی، جس کے دوران دو آئی فون، دو سام سنگ گلیکسی زیڈ فولڈ موبائل فونز اور تین اسمارٹ واچز برآمد ہوئیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ تینوں اسمارٹ واچز فضائی میزبان کے سر سے برآمد کی گئیں۔ کسٹمز حکام نے برآمد ہونے والی تمام الیکٹرانک اشیا تحویل میں لے لی ہیں۔
کسٹمز ذرائع کے مطابق برآمد شدہ موبائل فونز اور اسمارٹ واچز کی مالیت لاکھوں روپے ہے، جبکہ معاملے سے متعلق پی آئی اے انتظامیہ کو بھی آگاہ کردیا گیا ہے۔
کسٹمز حکام کی جانب سے مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔










