اہم ترین

گووندا کے بیٹے کی جونی لیور کی بیٹی کی شادی : جعلی اے آئی ویڈیو سے سوشل میڈیا پر ہلچل

معروف کامیڈین اور اداکار جونی لیور کی بیٹی و اداکارہ جیمی لیور نے اپنی شادی سے متعلق گردش کرنے والی خبروں کو جعلی قرار دے دیا ہے۔

حال ہی میں ایک اے آئی سے تیار کردہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی، جس میں دعویٰ کیا گیا کہ جیمی لیور اور اداکار گووندا کے بیٹے یشوردھن آہوجا کی شادی ہوگئی ہے۔ ویڈیو میں دونوں کی شادی سے متعلق جعلی تصاویر اور مناظر بھی دکھائے گئے۔

جیمی لیور نے سوشل میڈیا پر ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کہا کہ ان کی شادی کے حوالے سے کئی جعلی اے آئی ویڈیوز گردش کررہی ہیں۔ ابتدا میں وہ اور ان کے کزنز ان ویڈیوز سے محظوظ ہوئے، تاہم بعد میں لوگوں کی جانب سے مبارک باد دینے کے لیے بڑی تعداد میں فون آنے لگے۔

جیمی کے مطابق جعلی خبروں کے باعث ان کے لیے مشکلات پیدا ہورہی ہیں اور ان کے ممکنہ حقیقی رشتے بھی متاثر ہورہے ہیں۔

اداکارہ نے یشوردھن آہوجا کا نام لیے بغیر واضح کیا کہ جس شخص کے ساتھ ان کی شادی کی جعلی خبریں پھیلائی جارہی ہیں، وہ ان کے لیے چھوٹے بھائی جیسا ہے۔ دونوں ایک فلم میں بھی ساتھ کام کررہے ہیں۔

جیمی لیور نے لوگوں سے اپیل کی کہ اس قسم کی فضول اور جعلی ویڈیوز بنانا بند کیا جائے کیونکہ اس سے انہیں نقصان ہورہا ہے۔

پاکستان