آج کے ڈیجیٹل دور میں گوگل اکاؤنٹ صرف ای میل تک محدود نہیں رہا۔ جی میل، گوگل ڈرائیو، گوگل فوٹوز، یوٹیوب، کانٹیکٹس اور دیگر اہم سروسز کا ڈیٹا اسی اکاؤنٹ سے منسلک ہوتا ہے۔ ایسے میں اگر آپ کا اکاؤنٹ کسی پرانے فون، لیپ ٹاپ یا کسی دوسرے ڈیوائس میں لاگ اِن رہ گیا ہو تو ذاتی معلومات تک غیر متعلقہ شخص کی رسائی کا خطرہ بڑھ سکتا ہے۔
اچھی بات یہ ہے کہ گوگل صارفین کو یہ جانچنے کی سہولت دیتا ہے کہ ان کا اکاؤنٹ کن کن ڈیوائسز پر استعمال ہو رہا ہے۔ اگر فہرست میں کوئی ایسا فون یا کمپیوٹر موجود ہو جسے آپ نہیں پہچانتے تو اسے فوری طور پر سائن آؤٹ کیا جاسکتا ہے۔
گوگل اکاؤنٹ کہاں کہاں لاگ اِن ہے؟ ایسے چیک کریں
اپنے موبائل فون یا کمپیوٹر پر گوگل اکاؤنٹ کھولیں اور مینیج یور گوگل اکاؤنٹ میں جائیں۔ اس کے بعد سیکیورٹی سیکشن کھولیں۔ جہاں یور ڈیوائسز یا مینیج آل ڈیواسز کا آپشن نظر آئے گا۔ اس پر کلک کرتے ہی ان ڈیوائسز کی فہرست سامنے آجائے گی جہاں آپ کا گوگل اکاؤنٹ استعمال ہوا ہے۔
اس فہرست میں موجودہ اور پرانے اسمارٹ فونز کے علاوہ ٹیبلٹ، لیپ ٹاپ اور دیگر ڈیوائسز بھی دکھائی دے سکتی ہیں۔
ہر ڈیوائس کی تفصیل بھی دیکھیں
صرف ڈیوائس کا نام دیکھ کر فیصلہ نہ کریں۔ فہرست میں کسی ڈیوائس پر کلک کرنے سے اس کے بارے میں مزید معلومات دیکھی جاسکتی ہیں۔
بعض صورتوں میں آخری استعمال کا وقت اور اندازاً مقام جیسی معلومات بھی دستیاب ہوتی ہیں۔ ان تفصیلات کی مدد سے اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ متعلقہ ڈیوائس واقعی آپ کی ہے یا کسی ایسے شخص کے استعمال میں ہے جسے آپ نہیں جانتے ۔
اگر فہرست میں کوئی ایسا فون، کمپیوٹر یا دوسرا ڈیوائس نظر آئے جسے آپ شناخت نہیں کرسکتے تو اسے نظرانداز نہ کریں۔ متعلقہ ڈیوائس کھول کر سائن آؤٹ کا آپشن منتخب کریں۔
اگر خدشہ ہو کہ کسی غیر متعلقہ شخص نے آپ کے اکاؤنٹ تک رسائی حاصل کی ہے تو سائن آؤٹ کرنے کے بعد گوگل اکاؤنٹ کا پاس ورڈ بھی تبدیل کریں۔ نیا پاس ورڈ منفرد اور مشکل ہونا چاہیے اور اسے کسی دوسرے اکاؤنٹ کے لیے استعمال نہیں کرنا چاہیے۔
اکاؤنٹ کی سیکیورٹی مضبوط بنانے کے لیے 2 اسٹیپ ویری فکیشن فعال رکھنا بھی انتہائی اہم ہے۔ اس فیچر کے فعال ہونے کے بعد صرف پاس ورڈ سے لاگ اِن مکمل نہیں ہوتا بلکہ اضافی تصدیق بھی درکار ہوتی ہے۔
اس طرح اگر کسی دوسرے شخص کو آپ کا پاس ورڈ معلوم بھی ہوجائے تو اس کے لیے اکاؤنٹ تک رسائی حاصل کرنا نسبتاً مشکل ہوجاتا ہے۔
ماہرین کی جانب سے بھی صارفین کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ وقتاً فوقتاً گوگل اکاؤنٹ کی ڈیوائس فہرست کا جائزہ لیتے رہیں، پرانے یا غیر ضروری ڈیوائسز سے سائن آؤٹ کریں اور 2 اسٹیپ ویری فکیشن فعال رکھیں۔ چند منٹ کی یہ احتیاط ذاتی ڈیٹا اور آن لائن اکاؤنٹس کی سیکیورٹی بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرسکتی ہے۔











