اہم ترین

پاکستان کرکٹ میں بحران: مصباح الحق سلیکشن کمیٹی سے مستعفی

انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں لگاتار شکستوں کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے ہنگامہ خیز فیصلوں نے کرکٹ حلقوں میں ہلچل مچا دی ہے۔ ٹیم میں بڑی تبدیلیوں اور اہم فیصلوں میں مشاورت نہ کیے جانے پر سلیکشن کمیٹی کے رکن اور سابق کپتان مصباح الحق نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔

پی سی بی نے دورہ انگلینڈ کے دوران ہی ریڈ بال کے ہیڈ کوچ سرفراز احمد اور بولنگ کوچ عمر گل کو ان کے عہدوں سے ہٹا دیا ہے۔ بورڈ کے اس اچانک فیصلے کے بعد نیوزی لینڈ کے وائٹ بال کوچ مائیک ہیسن کو ہیڈ کوچ جبکہ آسٹریلیا کے اشلے نائف کے کو نیا بولنگ کوچ مقرر کیا گیا ہے، جو 9 ستمبر سے برمنگھم میں شروع ہونے والے آخری ٹیسٹ میں ٹیم کی کمان سنبھالیں گے۔

کوچنگ اسٹاف کے ساتھ ساتھ اسکواڈ میں بھی بڑے پیمانے پر کات چھانٹ کی گئی ہے۔ سیریز میں شکست کے بعد محمد رضوان، امام الحق، سلمان علی آغا، علی عثمان، عامر جمال، محمد اویس ظفر اور خرم شہزاد سمیت 7 نمایاں کھلاڑیوں کو فوری طور پر وطن واپس بھیج دیا گیا ہے، جن میں سے اکثریت کی جگہ نئے اور ان کیپڈ کھلاڑیوں کو اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے۔

پی سی بی کے اس غیر معمولی اور اچانک فیصلے پر سابق کرکٹرز کی جانب سے شدید ردعمل سامنے آیا ہے۔ سابق کوچ مکی آرتھر، سابق کپتان شاہد آفریدی اور شعیب ملک سمیت دیگر سابق کھلاڑیوں نے سیریز کے درمیان اس طرح کے فیصلوں کو غیر منصفانہ اور سینئر کھلاڑیوں کی توہین قرار دیا ہے۔

کرکٹ مبصرین کا کہنا ہے کہ ٹیم میں اس نوعیت کی تبدیلیاں سیریز کے دوران کرنے سے ٹیم کا ماحول متاثر ہوتا ہے اور احتساب کا درست وقت سیریز کے اختتام پر ہوتا ہے۔

پاکستان