اسلام آباد ہائیکورٹ نے بانی پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو قیدِ تنہائی میں رکھنے سے متعلق درخواستوں پر تفصیلی فیصلہ جاری کرتے ہوئے دونوں کو تنہائی میں نہ رکھنے اور بنیادی انسانی روابط و سہولیات یقینی بنانے کی ہدایت کردی۔
جسٹس خادم حسین سومرو کی جانب سے جاری 24 صفحات پر مشتمل فیصلے میں بانی پی ٹی آئی کو ان کی اہلیہ اور دیگر اہلِ خانہ سے ملاقات کی سہولت فراہم کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔ عدالت نے قرار دیا کہ سکیورٹی خدشات کو بنیاد بنا کر کسی قیدی کو انسانی تعلق، بات چیت اور اہلِ خانہ سے رابطے سے مکمل طور پر محروم نہیں کیا جاسکتا۔
فیصلے کے مطابق بانی پی ٹی آئی کو واٹس ایپ کے ذریعے آڈیو اور ویڈیو کالز کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی، تاہم اگر اس سہولت کو سیاسی مہم یا سیاسی سرگرمی کے لیے استعمال کیا گیا تو اسے معطل کیا جاسکے گا۔
عدالت نے بانی پی ٹی آئی کی جسمانی اور ذہنی صحت کے حوالے سے میڈیکل بورڈ کی سفارشات پر بھی عمل درآمد کی ہدایت کی۔ جیل انتظامیہ کو انہیں روزانہ ایک گھنٹے واک کی اجازت دینے کے ساتھ جیل قوانین اور طبی سفارشات کے مطابق ٹی وی کی سہولت فراہم کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔
تحریری فیصلے میں اڈیالہ جیل انتظامیہ کو اخبارات، رسائل اور کتب کی فراہمی یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی گئی۔ درخواست گزاروں کی جانب سے فراہم کردہ کتابیں سکیورٹی اسکروٹنی کے بعد بانی پی ٹی آئی کو دینے کی اجازت بھی دی گئی ہے۔
بشریٰ بی بی کے حوالے سے عدالت نے واضح کیا کہ انہیں بھی غیر قانونی قیدِ تنہائی میں نہیں رکھا جاسکتا۔ فیصلے میں سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو ہدایت کی گئی ہے کہ بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی دونوں کو قیدِ تنہائی سے باہر رکھنے کے لیے ضروری اقدامات کیے جائیں اور متعلقہ شرائط و ضوابط کا یکساں اطلاق کیا جائے۔
عدالت نے اپنے حکم پر عمل درآمد کی نگرانی کے لیے سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل سے 15 روز کے اندر رپورٹ بھی طلب کرلی ہے۔ جیل سپرنٹنڈنٹ کو فیصلے پر عمل درآمد کی رپورٹ ڈپٹی رجسٹرار جوڈیشل کے پاس جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
بانی پی ٹی آئی کی قیدِ تنہائی کے خلاف علیمہ خانم جبکہ بشریٰ بی بی کی مبینہ قیدِ تنہائی کے خلاف مبشرہ مانیکا نے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کیا تھا۔ عدالت نے تفصیلی فیصلے میں سکیورٹی تقاضوں اور قیدیوں کے بنیادی انسانی حقوق کے درمیان توازن برقرار رکھنے پر زور دیتے ہوئے جیل انتظامیہ کو عدالتی ہدایات پر عمل درآمد کا پابند کیا ہے










