بھارتی ریپر اور گلوکار بادشاہ نے اپنی دوسری اہلیہ اور پنجابی اداکارہ ایشا رِکھی سے بھی طلاق کی تصدیق کردی۔
بادشاہ اور ایشا رِکھی نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹس پر مشترکہ بیان شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ علیحدگی کا فیصلہ باہمی رضامندی سے کیا گیا ہے۔
بادشاہ نے کہا کہ وہ اور ایشا رِکھی باہمی احترام کے ساتھ اپنی اپنی راہوں پر آگے بڑھ رہے ہیں۔
دونوں نے مداحوں اور میڈیا سے اس مشکل وقت میں ان کی نجی زندگی کا احترام کرنے کی اپیل کی۔ساتھ ہی واضح کیا کہ یہ اس معاملے پر ان کا پہلا اور آخری بیان ہے، اس لیے رشتے کے بارے میں مزید قیاس آرائیاں نہ کی جائیں۔
بادشاہ اور ایشا رِکھی نے رواں سال شادی کی تھی، جبکہ ایشا نے جون میں ایک انسٹاگرام ’آسک می اینی تھنگ‘ سیشن کے دوران بادشاہ کے ساتھ اپنی شادی کی تصدیق کی تھی۔تاہم گزشتہ چند ہفتوں سے دونوں کے درمیان اختلافات کی خبریں گردش کر رہی تھیں۔
ایشا رِکھی نے 26 جولائی کو بادشاہ کے ساتھ تصاویر اور ویڈیوز شیئر کرتے ہوئے ایک ایسی پوسٹ بھی کی تھی جس میں انہوں نے لکھا تھا کہ ہر طوفان ایک سبق ہے۔بعد ازاں ایشا نے ایک نوٹ میں اپنے احترامِ نفس کے لیے آواز اٹھانے کی بات بھی کی تھی۔
ایشا رِکھی کا شمار معروف پنجابی اداکاراؤں اور ماڈلز میں ہوتا ہے۔انہوں نے 2013 میں پنجابی فلم ’جٹ بوائے پٹ جٹاں دی‘ سے اداکاری کا آغاز کیا، جبکہ 2018 میں فلم ’نواب زادے‘ کے ذریعے بالی ووڈ میں قدم رکھا۔
دوسری جانب یہ بادشاہ کی دوسری طلاق ہے۔ انہوں نے 2012 میں جسمن مسیح سے شادی کی تھی، جن سے ان کی ایک بیٹی بھی ہے۔ اختلافات کے بعد بادشاہ اور جسمن 2020 میں الگ ہوگئے تھے۔
بادشاہ کا نام ماضی میں کئی تنازعات میں بھی سامنے آتا رہا ہے، جن میں گینڈا پھول کے کریڈٹ کا تنازع، فیک ویوز اور فالوورز کا معاملہ، ہنی سنگھ سے اختلافات اور سنک گانے پر مذہبی تنازع شامل ہیں۔
اب بادشاہ کی دوسری شادی بھی صرف پانچ ماہ بعد اختتام پذیر ہوگئی ہے، جبکہ ان کی نئی زندگی اور کیریئر پر سب کی نظریں ہیں۔











