اہم ترین

پاکستانی موسیقی کا خام پن اسے بھارتی میوزک سے منفرد بناتا ہے: عاطف اسلم

گلوکار عاطف اسلم نے پاکستانی اور بھارتی کوک اسٹوڈیو کے درمیان موسیقی کے انداز اور پیشکش کے فرق پر گفتگو کرتے ہوئے پاکستانی ورژن کی سب سے بڑی خوبی کو ایک لفظ میں ’’جادو‘‘ قرار دیا ہے۔

ایک حالیہ انٹرویو میں عاطف اسلم سے سوال کیا گیا کہ پاکستانی کوک اسٹوڈیو کو بھارتی کوک اسٹوڈیو پر کیا برتری حاصل ہے۔ گلوکار نے مسکراتے ہوئے مختصر جواب دیا اور کہا کہ اس کی برتری ’’جادو‘‘ ہے۔

عاطف اسلم کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک میں اچھی موسیقی اور خوبصورت دھنیں تخلیق کی جاتی ہیں، تاہم پاکستانی موسیقی میں ایک خاص قسم کی سادگی، خام پن اور فطری پن پایا جاتا ہے جو اسے منفرد بناتا ہے۔

انہوں نے رائے دی کہ بھارتی کوک اسٹوڈیو میں موسیقی کی تیاری کے دوران کمرشل پہلو کو زیادہ اہمیت دی جاتی ہے، جبکہ پاکستانی کوک اسٹوڈیو میں دھن کی انفرادیت اور اصل موسیقی کو زیادہ نمایاں کرنے کی کوشش کی جاتی ہے۔

گلوکار کے مطابق پاکستانی کوک اسٹوڈیو میں ایک گانے کی دھن اور موسیقی پر متعدد افراد مل کر کام کرتے ہیں، جس کے نتیجے میں مختلف تخلیقی صلاحیتیں یکجا ہوتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ فنکار کو بھی اپنی تخلیقی سوچ، انداز اور انفرادیت موسیقی میں شامل کرنے کی مناسب آزادی حاصل ہوتی ہے۔

عاطف اسلم کی جانب سے پاکستانی کوک اسٹوڈیو کی تعریف اور اسے ’’جادو‘‘ قرار دینے پر ان کے مداحوں کی جانب سے بھی دلچسپی کا اظہار کیا جارہا ہے، جبکہ ان کا یہ مختصر تبصرہ سوشل میڈیا پر بھی توجہ حاصل کررہا ہے۔

پاکستان