راج پال یادیو پھر جیل جانے سے بچ گئے: بھارتی سپریم کورٹ نےرقم واپسی کی شرط

بالی ووڈ اداکار راجپال یادیو کو چیک باؤنس کیس میں سپریم کورٹ سے وقتی ریلیف مل گیا۔ عدالت نے انہیں فی الحال سرینڈر کرنے سے استثنیٰ دے دیا، تاہم اس کے لیے 5 کروڑ بھارتی روپے جمع کرانے کی شرط عائد کردی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق چیف جسٹس آف انڈیا سوریا کانت کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے راجپال یادیو اور ان کی اہلیہ رادھا راجپال یادیو کی درخواست پر سماعت کی۔

سپریم کورٹ نے قرار دیا کہ اگر راجپال یادیو اور دیگر درخواست گزار بدھ تک عدالت کی رجسٹری میں 5 کروڑ روپے جمع کرا دیتے ہیں تو انہیں فی الحال سرینڈر نہیں کرنا ہوگا۔ عدالت نے کیس کے دیگر فریقین، جن میں میسرز مرلی پروجیکٹ پرائیویٹ لمیٹڈ بھی شامل ہے، سے 15 ستمبر تک جواب طلب کرلیا۔

اس سے قبل دہلی ہائیکورٹ نے چیک باؤنس کے سات مقدمات میں راجپال یادیو کی سزا برقرار رکھتے ہوئے انہیں 10 ستمبر کو سرینڈر کرنے کی ہدایت کی تھی۔ ہر کیس میں اداکار کو تین ماہ قید کی سزا سنائی گئی تھی، تاہم عدالت نے تمام سزائیں بیک وقت چلانے کا حکم دیا تھا۔

راجپال یادیو کو شکایت کنندہ کو مجموعی طور پر تقریباً 7.5 کروڑ بھارتی روپے ادا کرنے کا بھی حکم دیا گیا تھا۔ عدالتی کارروائی کے دوران وہ پہلے ہی 2.25 کروڑ روپے جمع کراچکے ہیں۔

اب سپریم کورٹ کی جانب سے مزید 5 کروڑ روپے جمع کرانے کی شرط کے ساتھ انہیں سرینڈر سے عارضی ریلیف مل گیا ہے