موٹر سائیکل سواروںاورچنگچی والوں کے لئے پیٹرول پر0 10 روپے فی لیٹر ریلیف کا اعلان

وزیراعظم شہباز شریف نے ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی بڑھتی قیمتوں کے اثرات کم کرنے کے لیے موٹرسائیکل، رکشہ، چنگچی اور 800 سی سی تک کی چھوٹی گاڑیوں کے مالکان کے لیے خصوصی ریلیف اسکیم کا اعلان کردیا۔

وزیراعظم ہاؤس سے جاری بیان کے مطابق نئی اسکیم کا مقصد پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے سے عام شہریوں اور چھوٹی گاڑیاں استعمال کرنے والوں پر پڑنے والے اضافی مالی بوجھ کو کم کرنا ہے۔

اسکیم کے تحت موٹرسائیکل، رکشہ اور چنگچی سمیت دو اور تین پہیوں والی سواریوں کے لیے ماہانہ 20 لیٹر پیٹرول پر فی لیٹر 100 روپے کا ریلیف دیا جائے گا۔ اس طرح اہل افراد کو ماہانہ زیادہ سے زیادہ 2 ہزار روپے تک کا فائدہ حاصل ہوگا۔

اسی طرح 800 سی سی تک کی چھوٹی گاڑیوں کے مالکان کو ماہانہ 30 لیٹر پیٹرول پر فی لیٹر 100 روپے کی رعایت دی جائے گی، جس کے نتیجے میں انہیں ماہانہ زیادہ سے زیادہ 3 ہزار روپے تک ریلیف مل سکے گا۔

وزیراعظم کے مطابق اسلام آباد میں ریلیف اسکیم کا اطلاق پیر اور منگل کی درمیانی شب سے ہوگا، جبکہ ملک کے دیگر علاقوں، بشمول آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان، میں اسکیم بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب سے نافذ کی جائے گی۔

حکومت نے اسکیم کے لیے رجسٹریشن کا عمل بھی شروع کردیا ہے۔ شہری اپنے نام پر رجسٹرڈ موبائل سم سے مخصوص فارمیٹ کے تحت ایس ایم ایس بھیج کر رجسٹریشن کراسکیں گے۔

رجسٹریشن کے لیے شہری کو REG لکھ کر اسپیس دینی ہوگی، اس کے بعد اپنا CNIC نمبر بغیر ڈیش، پھر گاڑی کا رجسٹریشن نمبر بغیر اسپیس یا ڈیش، اس کے بعد صوبائی کوڈ اور آخر میں گاڑی کی رجسٹریشن کی تاریخ درج کرنا ہوگی۔

کامیاب رجسٹریشن کی صورت میں شہری کو تصدیقی جواب موصول ہوگا۔ حکومت کی جانب سے اسکیم کے طریقہ کار اور دیگر تفصیلات سے عوام کو آگاہ کرنے کے لیے آگاہی مہم بھی چلائی جائے گی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے موٹرسائیکلوں، رکشوں اور چھوٹی گاڑیوں سے متعلق ضروری معلومات کی فراہمی میں تعاون پر صوبائی حکومتوں کا بھی شکریہ ادا کیا ہے۔