اداکاہ منداکنی کا اصل نام یاسمین: شوہر بدھ مت ماننے والے تو خود ان کا مذہب کونسا؟

بالی ووڈ کی معروف اداکارہ منداکنی نے راج کپور کی فلم ’رام تیری گنگا میلی‘ سے شہرت حاصل کی، نے اپنے مذہبی پس منظر اور خاندانی روایات کے بارے میں اہم انکشافات کیے ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ایک حالیہ انٹرویو میں منداکنی نے بتایا کہ ان کااصل نام یاسمین ہے، تاہم فلمی دنیا میں آنے کے بعد انہیں منداکنی کے نام سے پہچان ملی۔ ان کے خاندان میں مختلف مذاہب کی روایات موجود ہیں۔

اداکارہ کے مطابق ان کے والد عیسائی جبکہ والدہ مسلمان تھیں۔ دوسری جانب ان کے شوہر ڈاکٹر کاگیور ٹی رنپوچے ٹھاکر کا تعلق بھی مختلف مذہبی پس منظر رکھنے والے خاندان سے ہے، ان کے والد ہندو اور والدہ بدھ مت سے تعلق رکھتی ہیں۔

منداکنی نے بتایا کہ ان کے شوہر نے زندگی کے تقریباً 20 سال خانقاہ میں گزارے اور وہ تبت کے راہب رہے۔ بعد ازاں وہ اعلیٰ تعلیم کے لیے آکسفورڈ گئے، جہاں انہوں نے انگریزی سیکھی، جبکہ پی ایچ ڈی کے لیے بنارس میں قیام کے دوران ہندی زبان سیکھی۔

مذہب تبدیل کرنے سے متعلق سوال پر منداکنی نے واضح کیا کہ ان کے خاندان میں پہلے ہی مختلف مذاہب کی روایات موجود تھیں، اس لیے شادی کے بعد مذہب تبدیل کرنے کا سوال ہی نہیں تھا۔

انہوں نے بتایا کہ ان کے گھر میں دیوالی، عید، کرسمس اور بدھ مت کا نیا سال ’لوسر‘ سمیت مختلف تہوار منائے جاتے ہیں۔ ان کے مطابق مختلف تہواروں کو مل جل کر منانے سے گھر میں خوشی کا ماحول پیدا ہوتا ہے اور بچوں کو بھی مختلف روایات سے سیکھنے کا موقع ملتا ہے۔

منداکنی کا کہنا تھا کہ انہوں نے اپنے بچوں پر کسی خاص مذہب کو اختیار کرنے کے لیے دباؤ نہیں ڈالا۔ ان کے مطابق بچے بڑے ہو کر اپنی پسند اور مرضی کے مطابق مذہب کے حوالے سے فیصلہ کر سکتے ہیں۔

منداکنی کے بقول ان کے گھر میں مختلف مذاہب کی روایات کو خوشی اور احترام کے ساتھ منایا جاتا ہے، اور وہ خود بھی تمام مذاہب کی روایات سے جڑی ہوئی ہیں۔