بھارت کے لیجنڈ آنجاہانی گلوکار اور اداکار کشور کمار کی زندگی پر لکھی گئی کتاب کشور کمار: دی الٹی میٹ بائیوگرافی کو 70ویں نیشنل فلم ایوارڈز میں بہترین سنیما کتاب کا ایوارڈ دیے جانے پر تنازع کھڑا ہوگیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق اننت پرساد سنہا نامی مصنف اور ادبی نقاد نے کشور کی سوانح عمری کو بہترین سنیما کتاب کا ایوارڈ دینے کے خلاف ریاست بہار کی پٹنہ ہائی کورٹ سے رجوع کرلیا ہے۔
عدالت نے مدعی کا موقف سننے کے بعد وزارتِ اطلاعات و نشریات، این ایف ڈی سی، ایوارڈ جیوری کے ارکان اور کتاب کے مصنفین کو نوٹس جاری کردیئے ہیں ۔
انیرودھ بھٹاچاریہ اور پارتھیو دھر نامی مصنفین کی لکھی گئی اس سوانح عمری پر اننت پرساد سنہا کا موقف ہے کہ بہترین سنیما کتاب کا ایوارڈ بھارتی سنیما پر لکھی گئی کتاب کو دیا جانا چاہیے تھا۔ ان کی کتاب دو گلفاموں کی تیسری قسم ایوارڈ کی مقررہ شرائط پوری کرتی ہے، اس لیے انہوں نے کشور کمار کی بایوگرافی کو دیا گیا ایوارڈ منسوخ کرنے کی درخواست کی۔
سماعت کے دوران مرکزی حکومت کے وکیل نے جواب داخل کرنے کے لیے تین ہفتے کا وقت مانگا۔ معاملے کی اگلی سماعت 8 اکتوبر کو ہونے کی بات سامنے آئی ہے۔ لیکن فی الحال عدالت نے ایوارڈ منسوخ کرنے کا کوئی حکم نہیں دیا۔


