سلمان خان کااپنی اورکترینہ کی ٹرولنگ کرنے والوں کو شرٹ اتار کر چیلنج

بالی وڈ سپر اسٹار سلمان خان نے ریئلٹی شو بگ باس کے دوران سوشل میڈیا پر اداکاروں کی شکل و صورت، عمر اور جسمانی تبدیلیوں کا مذاق اڑانے والوں کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔ اداکار نے ناقدین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ کسی پر تبصرہ کرنے سے پہلے اپنے آپ کو بھی دیکھنا چاہیے۔

بگ باس 20 کی ایک قسط کے دوران سلمان خان نے ٹرولنگ کے معاملے پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لوگوں کو کسی کے وزن، شکل، مسکراہٹ یا عمر کو نشانہ بنانے سے گریز کرنا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ کسی کے جسمانی خدوخال پر توہین آمیز تبصرے کرنا مناسب رویہ نہیں اور اس سے تبصرہ کرنے والوں کی تربیت کا اندازہ ہوتا ہے۔

دورانِ شو سلمان خان نے اپنی ٹی شرٹ اتار کر ٹرولنگ کرنے والوں کو چیلنج بھی کیا۔ انہوں نے کہا کہ لوگ انہیں موٹا ہونے یا عمر بڑھنے کے طعنے دیتے ہیں، لیکن انہیں ایسی باتوں سے خوف زدہ نہیں کیا جا سکتا۔ اداکار نے واضح کیا کہ وزن میں کمی یا اضافے کا ذکر الگ بات ہے، تاہم کسی کی تضحیک کرنا قابلِ قبول نہیں۔

سلمان خان کا یہ ردعمل ایسے وقت سامنے آیا ہے جب اداکارہ کترینہ کیف کی اپنے شوہر وکی کوشل کے ہمراہ ایک تقریب میں شرکت کے بعد تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر زیرِ بحث آئیں۔ تقریباً نو ماہ قبل بیٹے کی پیدائش کے بعد کترینہ پہلی مرتبہ کسی تقریب میں دکھائی دی تھیں۔ اس دوران بعض صارفین نے ان کی ظاہری تبدیلیوں اور وزن پر تبصرے کیے، جس پر متعدد افراد نے باڈی شیمنگ کی مخالفت کی۔

اگرچہ سلمان خان نے شو کے دوران کترینہ کیف یا کسی دوسری شخصیت کا نام نہیں لیا، تاہم ان کی گفتگو کو سوشل میڈیا پر اداکاروں کے خلاف ہونے والی تضحیک آمیز ٹرولنگ کے تناظر میں دیکھا جا رہا ہے۔

اداکار نے مزید کہا کہ انہیں، ان کے بھائی سہیل خان اور اداکار ورون سمیت دیگر شخصیات کو بھی آن لائن تنقید کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے ٹرولز کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ جتنی چاہیں تنقید کریں، لیکن انہیں اس سے مرعوب نہیں کیا جا سکتا۔

شو کے دوران سلمان خان نے اپنے سر کے نئے انداز پر بھی وضاحت کی اور بتایا کہ ان کے ایک دوست کا تقریباً دو ماہ قبل انتقال ہوا تھا۔ ان کے مطابق ان کے حلیے کے حوالے سے کی جانے والی قیاس آرائیوں کے پیچھے یہی وجہ تھی۔

سلمان خان کی اس گفتگو کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد صارفین کی جانب سے ان کے ردعمل پر تبصرے کیے جا رہے ہیں۔ بعض صارفین نے ان کی جسمانی فٹنس کو سراہا، جبکہ کچھ نے اس معاملے پر مزید گفتگو اور وضاحت کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

آن لائن ٹرولنگ اور باڈی شیمنگ کے خلاف سلمان خان کا یہ بیان ایک بار پھر اس بحث کو نمایاں کرتا ہے کہ عوامی شخصیات پر تنقید اور ذاتی تضحیک کے درمیان فرق کو سمجھنا ضروری ہے