ٹی 20فارمیٹ میں بھارت کی بادشاہت ختم؛پاکستان کی چھٹی پوزیشن

آئی سی سی ٹی 20 انٹرنیشنل رینکنگ میں انگلینڈ نے ایک بار پھر بھارت کو پیچھے چھوڑ کر پہلی پوزیشن حاصل کرلی۔ افغانستان کے خلاف تین میچوں کی سیریز میں 3-0 سے کامیابی کے باوجود بھارتی ٹیم ٹاپ پوزیشن برقرار نہ رکھ سکی، جبکہ انگلینڈ نے سری لنکا کو کلین سویپ کرکے رینکنگ میں برتری حاصل کرلی۔

مانچسٹر کے اولڈ ٹریفرڈ میں کھیلے گئے تیسرے ٹی 20 انٹرنیشنل میں انگلینڈ نے سری لنکا کو 8 وکٹوں سے شکست دی۔ سری لنکن ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 124 رنز پر آؤٹ ہوگئی، جس کے جواب میں انگلینڈ نے جوس بٹلر کی ناقابل شکست 62 رنز کی اننگز کی بدولت ہدف صرف 9.4 اوورز میں حاصل کرلیا۔

رینکنگ میں انگلینڈ اور بھارت دونوں کے 269 ریٹنگ پوائنٹس ہیں، تاہم اعشاری اعداد کے مطابق انگلینڈ 268.80 پوائنٹس کے ساتھ پہلے اور بھارت 268.76 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان محض 0.04 پوائنٹس کا فرق ہے۔

رواں سال یہ دوسرا موقع ہے جب انگلینڈ نے بھارت سے ٹی 20 کی عالمی نمبر ون پوزیشن حاصل کی ہے۔ اس سے قبل انگلینڈ نے بھارت کے خلاف 4-0 سے سیریز جیت کر بھی سرفہرست مقام حاصل کیا تھا۔

رینکنگ میں تیسرے نمبر پر آسٹریلیا تیسرے جب کہ نیوزی لینڈ چوتھے نمبر ہے۔ جنوبی افریقاکا پانچواںاور پاکستانکا چھٹانمبرہے۔

آئی سی سی کے مختصر ترین فارمیٹ میں ویسٹ انڈیز ساتویں، بنگلا دیش آٹھویں اورسری لنکا نویں نمبر پر آگئی ہے۔