پاکستان، ترکیئے اور سعودی عرب کے درمیان مکہ مشترکہ دفاعی اتحاد کے لیے پہلے سیکرٹری جنرل کا تقرر کر دیا گیا ہے۔
دفتر خارجہ کی جانب سے جاری باضابطہ بیان کے مطابق لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ نعمان محمود کو اتحاد کا پہلا سیکرٹری جنرل مقرر کیا گیا ہے۔ وہ ریاض میں قائم کیے جانے والے جنرل سیکرٹریٹ کی سربراہی کریں گے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ جنرل سیکرٹریٹ اتحاد کے اسٹریٹجک فیصلوں، رابطہ کاری اور مشترکہ دفاعی منصوبہ بندی کے لیے مرکزی ادارے کے طور پر کام کرے گا۔
لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ نعمان محمود پاک فوج کے انتہائی تجربہ کار اور پیشہ ور افسر سمجھے جاتے ہیں، جن کا تعلق بلوچ رجمنٹ سے ہے۔
وہ 11 ستمبر 1987 کو پاکستان آرمی میں کمیشنڈ ہوئے اور اپنے طویل کیریئر میں اہم کمانڈ اور اسٹاف عہدوں پر فائز رہے۔
اپریل 2019 میں انہیں لیفٹیننٹ جنرل کے عہدے پر ترقی دی گئی، جس کے بعد دسمبر 2019 میں انہیں پشاور میں تعینات 11 کور کا کمانڈر مقرر کیا گیا، جہاں انہوں نے 23 نومبر 2021 تک خدمات انجام دیں۔ یہ وہ دور تھا جب مغربی سرحد پر سکیورٹی چیلنجز اپنے عروج پر تھے۔
بعد ازاں نومبر 2021 سے اپریل 2023 تک انہوں نے نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی (این ڈی یو) اسلام آباد کے 35ویں صدر کی حیثیت سے خدمات انجام دیں، جو پاکستان کا سب سے بڑا عسکری تھنک ٹینک اور تربیتی ادارہ ہے۔
لیفٹیننٹ جنرل کے عہدے سے قبل بطور میجر جنرل انہوں نے شمالی وزیرستان میں انفینٹری ڈویژن کی کمانڈ کی، جو دہشت گردی کے خلاف آپریشنز کا مرکزی محاذ تھا۔ اس کے علاوہ وہ انٹر سروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) میں ڈائریکٹر جنرل اور جی ایچ کیو راولپنڈی میں آئی جی کمیونیکیشن اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے طور پر بھی فرائض سرانجام دے چکے ہیں۔
تعلیمی اعتبار سے انہوں نے پاکستان کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج، کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج مصر اور نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد سے گریجویشن کیا ہے۔ ان کا تعلق راولپنڈی سے ہے۔
دفاعی ماہرین کے مطابق لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ نعمان محمود کا تقرر اس بات کا ثبوت ہے کہ نیا اتحاد خالصتاً پیشہ ورانہ، اسٹریٹجک اور آپریشنل بنیادوں پر استوار کیا جا رہا ہے، جس میں انسداد دہشت گردی، انٹیلی جنس شیئرنگ اور مشترکہ تربیت جیسے شعبوں میں ان کا وسیع تجربہ کلیدی کردار ادا کرے گا۔


