ذاتی مسائل کام پر حاوی نہ ہونے دیں:گووندا کی نجی زندگی پر انوپم کھیر کا بڑا تبصرہ

بالی ووڈ اداکار گووندا ایک بار پھر اپنی نجی زندگی سے متعلق خبروں کے باعث توجہ کا مرکز بن گئے ہیں۔ ان کی اہلیہ سنیتا آہوجا کے ساتھ مبینہ اختلافات اور اداکارہ کومل رانی سوارنکر کے ساتھ ان کی قربت کی قیاس آرائیوں کے درمیان اداکار انوپم کھیر نے گووندا کے حالات پر تبصرہ کیا ہے۔

فریدون شہریار کو دیے گئے ایک انٹرویو میں انوپم کھیر نے گووندا کو بہترین اداکار قرار دیتے ہوئے کہا کہ گووندا جن کے ساتھ وہ ً10 سے 12 فلموں میں کام کر چکے ہیں۔ امپرووائزیشن، اداکاری اور ڈانس کے معاملے میں گووندا کا کوئی مقابلہ نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ گووندا اپنی زندگی کے موجودہ حالات اور اپنے اردگرد کے ماحول سے کچھ پریشان ضرور ہیں، تاہم انہوں نے ہمت نہیں ہاری۔ ان کا کہنا تھا کہ ہر شخص کی زندگی میں مشکلات آتی ہیں اور موجودہ مشکل وقت بھی گزر جائے گا۔

گووندا کی ذاتی زندگی سے متعلق قیاس آرائیاں اس وقت مزید بڑھ گئیں جب انہیں حال ہی میں ممبئی کے مشہور مندر میں اداکارہ کومل رانی سوارنکر کے ساتھ دیکھا گیا۔اسی روز گووندا کی اہلیہ سنیتا آہوجا بھی وہاں پہنچی تھیں، تاہم وہ اکیلی تھیں۔

اسی دوران سنیتا آہوجا کی ایک ویڈیو بھی سامنے آئی جس میں وہ اپنے پالتو کتے کے ساتھ موجود تھیں۔ انہوں نے کہا کہ انسانوں سے جتنا بھی پیار کریں، اکثر اس کا فائدہ نہیں ہوتا کیونکہ لوگ دھوکا دے دیتے ہیں، جبکہ جانور محبت کا جواب وفاداری سے دیتے ہیں ۔

سنیتا نے ممبئی کی عدالت میں دسمبر 2025 میں گووندا سے طلاق کی درخواست دائر کی تھی، تاہم بعد میں انہوں نے درخواست واپس لے لی تھی۔

اداکارہ راکھی ساونت سے فون پر گفتگو کے دوران سنیتا نے دعویٰ کیا کہ طلاق کے بعد گووندا کومل رانی سے شادی کرنے والے تھے۔ اسی لیئےانہوں نے طلاق کی درخواست واپس لے لی تھی۔ گووندا اور کومل رانی کے مبینہ تعلق یا مستقبل میں شادی سے متعلق ان دعوؤں کی آزادانہ تصدیق نہیں ہوسکی۔