کی بورڈ خریدتے وقت صرف ڈیزائن نہیں، سائز بھی اہم

نیویارک: نیا کی بورڈ خریدتے وقت اکثر صارفین قیمت، ڈیزائن اور رنگ کو زیادہ اہمیت دیتے ہیں، لیکن کی بورڈ کا سائز بھی استعمال کے تجربے پر نمایاں اثر ڈالتا ہے۔

ٹیک ماہرین کہتے ہیں کہ مختلف سائز کے کی بورڈز میں کیز کی تعداد اور ترتیب مختلف ہوتی ہے، اس لیے انتخاب اپنی ضرورت، ڈیسک کی جگہ اور استعمال کے مطابق کرنا بہتر ہے۔

فل سائز کی بورڈ

فل سائز کی بورڈ میں عموماً 104 سے 108 کیز ہوتی ہیں۔ اس میں حروف، فنکشن کیز، ایرو کیز اور الگ نمبر پیڈ موجود ہوتا ہے۔

یہ کی بورڈ ڈیٹا انٹری، دفتری کام اور زیادہ ٹائپنگ کرنے والے صارفین کے لیے مفید ہوسکتا ہے، تاہم اس کے بڑے سائز کے باعث ڈیسک پر زیادہ جگہ درکار ہوتی ہے۔

کمپیکٹ (1800 اور 96 فیصد )

کمپیکٹ 1800 اور 96 فیصد کی بورڈز میں تقریباً فل سائز کی تمام اہم کیز موجود ہوتی ہیں، جن میں نمبر پیڈ بھی شامل ہے، لیکن کیز کے درمیان فاصلہ کم کرکے مجموعی سائز گھٹا دیا جاتا ہے۔

یہ ان صارفین کے لیے مناسب ہوسکتے ہیں جو نمبر پیڈ چاہتے ہیں لیکن بڑا کی بورڈ نہیں رکھنا چاہتے۔

ٹی کے ایل اور 75 فیصد کی بورڈ

ٹی کے ایل یعنی ٹین کی لیس کی بورڈ میں نمبر پیڈ ختم کردیا جاتا ہے، جبکہ فنکشن اور ایرو کیز برقرار رہتی ہیں۔ اس میں عموماً 87 یا 88 کیز ہوتی ہیں۔ 75 فیصد کی بورڈ اس سے بھی زیادہ کمپیکٹ ہوتا ہے، لیکن فنکشن اور ایرو کیز کا استعمال برقرار رہتا ہے۔

دونوں سائز گیمنگ اور محدود ڈیسک اسپیس والے سیٹ اپ کے لیے کارآمد ہوسکتے ہیں۔

کپمیوٹر کے 65 اور 60 فیصد کی بورڈ

کمپیوٹر کے 65 فیصد کی بورڈ میں فنکشن کیز کی الگ قطار نہیں ہوتی، تاہم ایرو کیز موجود رہتی ہیں۔

اس سے چھوٹا 60 فیصد کی بورڈ ہوتا ہے اور اس میں نمبر پیڈ، فنکشن قطار اور الگ ایرو کیز موجود نہیں ہوتیں۔ اضافی فنکشنز عموماً مختلف کی کمبینیشن کے ذریعے استعمال کیے جاتے ہیں۔

یہ کی بورڈ کم جگہ، پورٹیبلٹی اور گیمنگ کو ترجیح دینے والے صارفین کے لیے موزوں ہوسکتے ہیں۔

سوئچ کا انتخاب بھی اہم

کی بورڈ خریدتے وقت صرف سائز ہی نہیں بلکہ اس میں استعمال ہونے والے سوئچز بھی اہم ہوتے ہیں۔

لینیئر سوئچ: کیز دبانے کا تجربہ ہموار ہوتا ہے اور عموماً کلک کی آواز نہیں آتی۔

ٹیکٹیکل سوئچ کی دبانے پر انگلی کو ہلکا سا فیل بیک ملتا ہے۔

کلکی سوئچ: فیل بیک کے ساتھ واضح کلک کی آواز بھی آتی ہے۔

کس کام کے لیے کون سا سائز؟

ماہرین کے کہتے ہیں کہ دفتر اور زیادہ ٹائپنگ کے لئے فل سائز، 1800، ٹی کے ایل یا 65 فیصد کی بورڈ بہتر ہے ۔ جب کہ گیمنگ کے لئے ٹی کے ایل، 75 فیصد، 65 فیصد یا 60 فیصد ٹھیک رہتا ہے۔ سفر اور پورٹیبل استعمال کے لئے 60 فیصد، 50 فیصد یا 40 فیصد کی بورڈ کا انتخاب ضرورت کے مطابق کریں

اگر آپ کو نمبر پیڈ اور زیادہ سے زیادہ کیز کی ضرورت ہے تو فل سائز کی بورڈ زیادہ عملی ہوسکتا ہے، جبکہ محدود ڈیسک اسپیس یا گیمنگ کے لیے چھوٹے سائز کا کی بورڈ زیادہ جگہ فراہم کرسکتا ہے۔ اس لیے کی بورڈ خریدنے سے پہلے اپنی ضرورت، ڈیسک اسپیس اور استعمال کا انداز ضرور دیکھیں۔