انگلینڈ کے وائٹ بال کپتان جوز بٹلر ہیمسٹرنگ انجری کے باعث آئندہ ماہ پاکستان میں ہونے والی ون ڈے ٹرائی سیریز سے باہر ہوگئے ہیں، جبکہ نومبر میں آسٹریلیا کے دورے کے لیے بھی ان کی دستیابی مشکوک ہے۔
جوز بٹلر کو سری لنکا کے خلاف ہیڈنگلے میں کھیلے گئے ون ڈے میچ کے دوران ہیمسٹرنگ انجری ہوئی تھی۔ انہوں نے کچھ دیر کے لیے کھیل جاری رکھنے کی کوشش کی، تاہم بعد ازاں ریٹائرڈ ہرٹ ہوگئے۔
انگلینڈ کے کوچ برینڈن میک کولم نے بٹلر کے پاکستان کے خلاف ٹرائی سیریز میں شرکت نہ کرنے کی تصدیق کردی ہے، جبکہ انگلش کرکٹ حکام بٹلر کی انجری کی نوعیت اور بحالی کے دورانیے کا جائزہ لے رہے ہیں۔
پاکستان میں آئندہ ماہ ژیڈول ون ڈے ٹرائی سیریز میں انگلینڈ، پاکستان اور سری لنکا کی ٹیمیں شریک ہوں گی۔ لیکن اس سے قبل انگلینڈ کے کپتان جوز بٹلر ان فٹ ہوگئے ہیں۔
کرک انفو کے مطابق جوز بٹلر کی غیر موجودگی میں جارڈن کاکس کو وکٹ کیپنگ کے ساتھ ساتھ مڈل آرڈر میں بھی طویل موقع ملنے کا امکان ہے۔ کاکس نے سری لنکا کے خلاف سیریز کے فیصلہ کن میچ میں بٹلر کی جگہ کھیلتے ہوئے 52 گیندوں پر 76 رنز کی اننگز کھیلی تھی اور ون ڈے کرکٹ میں اپنی پہلی نصف سنچری اسکور کی۔
انگلینڈ کے وائٹ بال کوچ برینڈن میک کولم کا کہنا ہے کہ بٹلر کی عدم موجودگی اگرچہ انگلینڈ کے لیے نقصان ہے، تاہم اس سے نوجوان کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتیں آزمانے کا موقع ملے گا۔ ورلڈ کپ سے قبل انگلینڈ کو ممکنہ انجریز اور دیگر غیر متوقع حالات کے لیے پہلے ہی منصوبہ بندی کرنا ہوگی تاکہ اہم کھلاڑیوں کی عدم دستیابی کی صورت میں متبادل کھلاڑی تیار ہوں۔
میک کولم نے اشارہ دیا ہے کہ سیم کرن اور عادل رشید پاکستان کے دورے کے لیے ٹیم میں واپس آسکتے ہیں، جبکہ جیکب بیتھل کی واپسی آسٹریلیا کے دورے تک مؤخر ہونے کا امکان ہے۔
انگلینڈ ورلڈ کپ کی تیاریوں کے سلسلے میں اگلے سال کے دوران بڑی تعداد میں ون ڈے میچز کھیلے گا۔ ٹیم پاکستان کے خلاف مئی میں پانچ ون ڈے جبکہ نیوزی لینڈ کے خلاف ستمبر میں پانچ میچز کھیلے گی، اس سے قبل جنوری میں جنوبی افریقہ کے خلاف بھی تین ون ڈے کھیلے جائیں گے۔
میک کولم نے کہا کہ انگلینڈ کو ورلڈ کپ سے قبل زیادہ سے زیادہ کھلاڑیوں کو 50 اوورز کی کرکٹ کا تجربہ دینا ہوگا اور اسی مقصد کے لیے اضافی پریکٹس میچز بھی شامل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔


