جیکی چن کی موت کی جعلی خبر سوشل میڈیا پر وائرل

دنیا بھر میں مقبول چینی نژاد لیجنڈری فلم اسٹار جیکی چن سے متعلق سوشل میڈیا پر ایک انتہائی افسوسناک جعلی خبر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔

فیس بک، ایکس (ٹوئٹر) اور واٹس ایپ پر دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ 71 سالہ اداکار انتقال کر گئے ہیں۔یہ خبر دیکھتے ہی دیکھتے لاکھوں بار شیئر ہوئی اور دنیا بھر میں ان کے مداح شدید پریشانی میں مبتلا ہو گئے۔ ٹوئٹر پر جیکی چن کے ہیش ٹیگ ٹرینڈ کرنے لگے۔

مختلف غیر ملکی نیوز ویب سائیٹ نے کہا کہ جیکی چن مکمل طور پر خیریت سے ہیں اور اس وقت اپنے نئے پراجیکٹ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں۔

جیکی چن کے قریبی ذرائع اور ان کی مینجمنٹ ٹیم نے بھی اس خبر کی تردید کی ہے۔ ان کے آفیشل انسٹاگرام پر 2 دن پہلے ہی ان کی نئی تصاویر پوسٹ کی گئی ہیں جس میں وہ بالکل صحت مند نظر آ رہے ہیں۔

یہ پہلی بار نہیں ہے کہ جیکی چن کی موت کی افواہ اڑائی گئی ہو۔ اس سے پہلے بھی 2011، 2015 اور 2023 میں اسی طرح کی جعلی خبریں وائرل ہو چکی ہیں۔