ممبئی: بالی ووڈ اداکارہ سونالی کلکرنی نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے 2019 میں ریلیز ہونے والی فلم ’بھارت‘ میں سلمان خان کی ماں کا کردار ادا کرنے کی پیشکش ابتدائی طور پر مسترد کردی تھی، تاہم فلم کی کہانی سننے کے بعد وہ اس کردار کیلئے رضامند ہوگئیں۔ حقیقی زندگی میں سونالی کلکرنی، سلمان خان سے 9 سال چھوٹی ہیں، جس کی وجہ سے انہیں ابتدا میں خدشہ تھا کہ وہ ان کی ماں کے کردار میں مناسب نہیں لگیں گی۔
سونالی کلکرنی نے ’گلاٹا انڈیا‘ کو دیے گئے انٹرویو میں بتایا کہ جب انہیں فلم ’بھارت‘ میں سلمان خان کی والدہ کا کردار پیش کیا گیا تو ان کا خیال تھا کہ یہ کردار ان پر جچے گا نہیں۔
اداکارہ کے مطابق انہوں نے ہدایت کار علی عباس ظفر اور کاسٹنگ ڈائریکٹر مکیش چھابڑا کو ایسے کئی اداکاروں کی فہرست بھی دی جو ان کے خیال میں اس کردار کیلئے زیادہ موزوں ہوسکتے تھے۔ انہوں نے دونوں سے سوال کیا کہ آخر یہ کردار انہیں ہی کیوں پیش کیا جارہا ہے۔
سونالی نے بتایا کہ عام طور پر وہ کسی کردار کو قبول کرنے سے خوفزدہ نہیں ہوتیں۔ ان کے نزدیک اداکار کو مختلف نوعیت کے کردار آزمانے کیلئے تیار رہنا چاہیے۔
انہوں نے اپنی سابقہ فلموں کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ پہلی فلم ’چیلوی‘ میں انہوں نے ایسی لڑکی کا کردار ادا کیا تھا جو پھولوں والے درخت میں تبدیل ہوسکتی تھی، جبکہ فلم ’دائرہ‘ میں انہوں نے ایک مرد کا کردار بھی نبھایا تھا اور اس کیلئے مونچھیں بھی لگائی تھیں۔
تاہم ’بھارت‘ کے کردار کے حوالے سے ان کی تشویش مختلف تھی۔ سونالی کے مطابق مسئلہ یہ نہیں تھا کہ وہ ماں کا کردار ادا کرنا چاہتی ہیں یا نہیں، بلکہ انہیں لگتا تھا کہ اداکارہ کو اپنے کردار کے مطابق نظر بھی آنا چاہیے۔
سونالی کلکرنی نے بتایا کہ جب انہوں نے ’بھارت‘ کی مکمل کہانی سنی تو انہیں اندازہ ہوا کہ فلم میں سلمان خان کے کردار کے بچپن کے فلیش بیک پر خاص توجہ دی گئی ہے۔ اس کے بعد انہیں لگا کہ وہ اس کردار سے بہتر طور پر جڑ سکتی ہیں اور انہوں نے فلم میں کام کرنے کی حامی بھرلی۔
اداکارہ نے بتایا کہ اس سے قبل انہوں نے سلمان خان کے ساتھ کام نہیں کیا تھا۔ ان کی سلمان سے صرف ایک مرتبہ ملاقات ہوئی تھی، جب وہ ان کی ایک فلم کے میوزک لانچ میں شریک ہوئے تھے۔
سونالی کے مطابق ’بھارت‘ سلمان خان کے ساتھ کام کرنے اور ان کے ساتھ ایک نئے انداز میں جڑنے کا مناسب موقع بھی ہوسکتا تھا۔
اداکارہ نے کہا کہ انہیں فلموں میں ماں کا کردار ادا کرنے سے خوف نہیں آتا، کیونکہ ان کے نزدیک ایک ماں بھی کسی کی بھابھی، دوست یا بیوی ہوسکتی ہے اور کسی اداکارہ کو صرف اس لیے کسی کردار سے گھبرانا نہیں چاہیے کہ وہ ماں کا کردار ہے۔
سونالی نے اپنی فلم مشن کشمیر کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ لوگ انہیں اس فلم میں صرف ہریتھک روشن کی ماں کے کردار کی وجہ سے نہیں بلکہ سنجے دت کی اہلیہ کے کردار کیلئے بھی یاد کرتے ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ وہ عام طور پر مختلف اور غیر روایتی کردار ادا کرنے سے نہیں گھبراتیں، تاہم ’بھارت‘ میں ابتدائی ہچکچاہٹ کی وجہ کردار کی عمر اور ظاہری مطابقت تھی۔


