کترینہ اور بیٹے کو خوش دیکھ کر وقت تھم جانے کی خواہش ہوتی ہے: وکی کوشل

بالی ووڈ اداکار وکی کوشل نے باپ بننے کے بعد اپنی زندگی میں آنے والی تبدیلیوں پر کھل کر بات کی ہے۔ اداکار کے مطابق بیٹے ویہان کی مسکراہٹ، اس کے نئے تاثرات اور چھوٹی چھوٹی حرکات ان کے لیے ایسے لمحات ہیں جنہیں وہ زیادہ سے زیادہ دیر تک جینا چاہتے ہیں۔

وکی کوشل گزشتہ سال والد بنے تھے اور ان کے مطابق پدریت کا تجربہ ایسا ہے جسے مکمل طور پر الفاظ میں بیان کرنا آسان نہیں۔

ہریت جویری جیولرز کے یوٹیوب چینل کو دیے گئے انٹرویو میں وکی نے کہا کہ باپ بننے کے بعد زندگی میں آنے والی تبدیلیوں کو الفاظ میں بیان کرنا مشکل ہے، کیونکہ یہ تجربہ انسان کو اندر تک متاثر کرتا ہے۔

انہوں نے بیٹے ویہان کے گزشتہ 10 ماہ کے دوران مختلف مراحل کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ بچے کی پہلی آواز، ہنسی، نئے ایکسپریشنز اور مختلف اشارے دیکھنا ان کے لیے انتہائی خاص تجربات رہے ہیں۔

وکی کے مطابق گزشتہ چند ماہ میں انہیں کئی ایسے لمحات ملے جب انہیں محسوس ہوا کہ یہی زندگی کی مکمل خوشی ہے اور اب انہیں مزید کچھ نہیں چاہیے۔

وکی کوشل نے اہلیہ کترینہ کیف اور بیٹے کے ساتھ گزارے جانے والے لمحات کا بھی ذکر کیا۔ انہوں نے بتایا کہ جب وہ کترینہ کی خوشی اور اپنے بیٹے کی ہنسی کو ایک ساتھ دیکھتے ہیں تو ان کا دل چاہتا ہے کہ اس لمحے کو وہیں روک دیں اور اسے زیادہ دیر تک محسوس کرتے رہیں۔

اداکار کے مطابق والدین بننے کے بعد انسان پہلے سے زیادہ حساس ہوجاتا ہے۔ ساتھ ہی ذمہ داری کا احساس بھی بڑھ جاتا ہے اور اب انہیں صرف اپنی باتوں ہی نہیں بلکہ اپنے کام اور رویے پر بھی زیادہ توجہ دینا پڑتی ہے۔