فیس بک استعمال کرنے والوں کے لیے بڑا انٹرفیس سامنے آنے والا ہے۔ میٹا اپنے پلیٹ فارم پر ’ویڈیو فرسٹ‘ تجربے کی آزمائش کرنے جا رہا ہے، جس کے تحت کچھ صارفین کو ایپ کھولتے ہی روایتی فیڈ کے بجائے براہِ راست فل اسکرین ویڈیو دکھائی جائے گی۔
میٹا کے مطابق یہ تجربہ 2026 کے اختتام تک شروع کیا جائے گا اور ابتدائی مرحلے میں صرف محدود تعداد میں صارفین کو اس میں شامل کیا جائے گا۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ صارفین زیادہ عمیق اور بصری مواد دیکھنے میں دلچسپی رکھتے ہیں، اسی رجحان کو مدنظر رکھتے ہوئے فیس بک کے ویڈیو تجربے کو مزید نمایاں کیا جا رہا ہے۔
میٹا کے فیس بک سربراہ ٹام ایلیسن کے مطابق نیا تجربہ ان صارفین کے لیے تیار کیا جا رہا ہے جو پلیٹ فارم پر زیادہ ویڈیوز دیکھنا چاہتے ہیں۔
اہم بات یہ ہے کہ نئے تجربے کا مطلب یہ نہیں کہ فیس بک کا موجودہ فیڈ ختم کردیا جائے گا۔ ٹیسٹ میں شامل صارفین کو کلاسک فیڈ الگ ٹیب کی صورت میں دستیاب رہے گا، جہاں وہ اپنی روایتی فیس بک فیڈ دیکھ سکیں گے۔
یعنی صارف ضرورت کے مطابق ویڈیو فرسٹ تجربے اور روایتی فیڈ کے درمیان سوئچ کرسکے گا۔
میٹا کے مطابق فیس بک پر ویڈیو اب محض تفریح یا وقت گزارنے کا ذریعہ نہیں رہی۔ ویڈیوز کے ذریعے صارفین ایک دوسرے سے گفتگو کر رہے ہیں، کمیونٹیز تشکیل دے رہے ہیں اور مصنوعات کی خرید و فروخت بھی کر رہے ہیں۔
اسی لیے کمپنی ویڈیو کو فیس بک کے تجربے میں مزید مرکزی حیثیت دینے کی کوشش کر رہی ہے۔ فل اسکرین ویڈیو کا نیا تجربہ اسی حکمت عملی کا حصہ ہے۔
فیس بک میں یہ تبدیلی ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب اس کے مارکیٹ پلیس کو 10 سال مکمل ہوگئے ہیں۔
ٹام ایلیسن کے مطابق مارکیٹ پلیس کا تصور اس مشاہدے سے سامنے آیا تھا کہ لوگ پہلے ہی فیس بک گروپس کے ذریعے اشیا خرید اور فروخت کر رہے تھے۔
اب میٹا مارکیٹ پلیس پر باقاعدگی سے مصنوعات فروخت کرنے والے صارفین کے لیے سیلر نامی نیا ایپ بھی آزما رہا ہے۔
اس ایپ میں فروخت کنندگان کو کئی اہم ٹولز ایک ہی جگہ فراہم کیے جائیں گے، جن میں اے آئی کی مدد سے پروڈکٹ لسٹنگ ، خریداروں کے پیغامات کے لیے یونیفائیڈ ان باکس، انوینٹری مینجمنٹ اور فروخت اور کارکردگی سے متعلق معلومات شامل ہیں۔
سیلر ایپ فیس بک کے ساتھ منسلک رہے گا، جس سے فروخت کنندگان اپنے خریداروں اور متعلقہ کمیونٹیز تک اسی نیٹ ورک کے ذریعے رسائی برقرار رکھ سکیں گے۔
مقصد کیا ہے؟
میٹا کا کہنا ہے کہ سیلر ایپ کا بنیادی مقصد ایسے افراد کے لیے کاروباری عمل آسان بنانا ہے جو مارکیٹ پلیس پر بڑی تعداد میں مصنوعات کی لسٹنگ کرتے ہیں۔
یوں ایک طرف فیس بک اپنے صارفین کے لیے ویڈیو کو زیادہ نمایاں کرنے کی تیاری کر رہا ہے، تو دوسری طرف مارکیٹ پلیس کے ذریعے کاروبار کرنے والوں کے لیے نئے ٹولز متعارف کروا رہا ہے۔ تاہم فل اسکرین ویڈیو کا نیا تجربہ فی الحال صرف آزمائشی مرحلے میں ہے، اس لیے یہ واضح نہیں کہ اسے کب اور کس حد تک تمام صارفین کے لیے متعارف کرایا جائے گا۔


