ممبئی: بالی ووڈ اداکار اور گلوکار آیوشمان کُھرانہ نے امیتابھ بچن کو فلم ’گلّابو سیتابو‘ میں ’بڑھؤ‘ کہنے پر ’کون بنے گا کروڑپتی 18‘ کے سیٹ پر معافی مانگ لی، جس پر بگ بی نے اپنے مخصوص مزاحیہ انداز میں ایسا سوال داغا کہ سیٹ پر موجود سب لوگ ہنس پڑے۔
آیوشمان کُھرانہ اور سارا علی خان حال ہی میں امیتابھ بچن کے مقبول کوئز شو کون بنے گا کروڑپتی 18 میں اپنی آنے والی فلم اڑتا تیر کی تشہیر کے لیے شریک ہوئے۔ دونوں نے بگ بی کے ساتھ گپ شپ کے ساتھ ساتھ کوئز میں بھی حصہ لیا اور 12 لاکھ 50 ہزار بھارتی روپے جیتے۔
پروگرام کے دوران آیوشمان نے 2019 میں ریلیز ہونے والی فلم گلّابو سیتابو کا ذکر کیا، جس میں انہوں نے بانکے جبکہ امیتابھ بچن نے مرزا کا کردار ادا کیا تھا۔
فلم میں اپنے کردار کی جانب سے امیتابھ کے کردار کو ’بڑھؤ‘ کہنے کا حوالہ دیتے ہوئے آیوشمان نے بگ بی سے معذرت کی۔
انہوں نے کہا کہ فلم میں انہیں ’بوڑھا‘ کہنے پر معذرت خواہ ہیں، کیونکہ وہ حقیقت میں بوڑھے نہیں ہیں۔ آیوشمان نے مزید کہا کہ 84 برس کی عمر کے باوجود امیتابھ بچن میں ایسی کوئی بات نظر نہیں آتی اور وہ انہیں 24 سال کا نوجوان سمجھتے ہیں۔
آیوشمان کی اس بات پر امیتابھ بچن نے بھی برجستہ انداز اپناتے ہوئے پوچھا کہ 84 سال کی عمر میں آخر کیسی حرکتیں ہوتی ہیں؟ بگ بی کے اس جملے پر شو میں قہقہے گونج اٹھے۔
پروگرام کے دوران سارہ علی خان نے بھی امیتابھ بچن کے ساتھ کام کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔ سارہ اور آیوشمان ان دنوں اپنی نئی فلم ’اڑتا تیر‘ کی تشہیر میں مصروف ہیں۔
فلم کی ریلیز پہلے ستمبر میں متوقع تھی، پھر تاریخ تبدیل کرکے 9 اکتوبر کی گئی، تاہم اب اسے مزید آگے بڑھا کر 23 اکتوبر کو سینما گھروں میں پیش کیا جائے گا۔
فلم میں آیوشمان کُھرانہ ایک پاکستانی جاسوس کا کردار ادا کر رہے ہیں، جس کی وجہ سے فلم کی کہانی اور ان کے کردار کو بھی خاصی توجہ حاصل ہو رہی ہے۔


