ون ڈے میں پاکستان کا بیٹنگ آرڈر 400 رنز کا ہدف بھی حاصل کرسکتا ہے: شاہین آفریدی

راولپنڈی: ون ڈے فارمیٹ میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان شاہین آفریدی نے کہا ہے کہ قومی ٹیم جارحانہ انداز میں کرکٹ کھیلنا چاہتی ہے اور ٹیم کا تجربہ کار بیٹنگ آرڈر 400 رنز کا ہدف بھی حاصل کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے قومی کپتان شاہین آفریدی نے کہا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے حوالے سے ضرورت سے زیادہ سنجیدہ ہونے کے بجائے کھلاڑیوں اور ٹیم کی کارکردگی پر توجہ دینی چاہیے۔ ٹیم متحد اور کھلاڑی پُرعزم ہیں۔

شاہین آفریدی نے کہا کہ وہ خود بیٹنگ، باؤلنگ اور فیلڈنگ، تینوں شعبوں میں پاکستان کے لیے بہترین کارکردگی دکھانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے سلمان علی آغا کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی پرفارمنس بہترین جارہی ہے اور انہوں نے حال ہی میں فرسٹ کلاس کرکٹ میں ٹرپل سنچری بھی اسکور کی ہے۔

قومی کپتان نے سابق کپتان بابر اعظم کے حوالے سے کہا کہ ان پر کوئی دباؤ نہیں اور وہ پاکستان ٹیم کی ریڑھ کی ہڈی ہیں۔ بابر اعظم نے فرسٹ کلاس کرکٹ میں بھی رنز بنانے کی کوشش کی ہے۔

شاہین آفریدی نے مزید کہا کہ بابر اعظم پانچ سال تک قومی ٹیم کی قیادت کرچکے ہیں، اس لیے نوجوان کھلاڑیوں کو ان کے تجربے سے سیکھنے کا موقع ملتا ہے۔ نوجوان کھلاڑیوں کو قومی ٹیم میں ایک ایک کرکے شامل کیا جاتا ہے تاکہ انہیں مناسب مواقع فراہم کیے جاسکیں۔

شاہین آفریدی نے کہا کہ ٹیم انتظامیہ نوجوان کھلاڑیوں کو مکمل مواقع دینے کی منصوبہ بندی کرتی ہے تاکہ وہ اپنی صلاحیتیں ثابت کرسکیں اور بین الاقوامی کرکٹ کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہوسکیں۔

انہوں نے صائم ایوب کے حوالے سے کہا کہ انہیں ٹی ٹوئنٹی یا ٹیسٹ کرکٹ میں مشکلات کا سامنا ہوسکتا ہے، تاہم ون ڈے فارمیٹ میں ان کی باؤلنگ ٹیم کے لیے ضروری ہے۔

قومی کپتان نے کہا کہ پاکستان نے حالیہ سیریز میں کامیابیاں حاصل کی ہیں، تاہم ٹیم حریفوں کو وائٹ واش کرنے میں کامیاب نہیں ہوسکی۔ ان کے مطابق ٹیم کو اپنی کارکردگی میں مزید بہتری لانے اور جارحانہ کرکٹ کے منصوبے پر عمل کرنے کی ضرورت ہے۔

شاہین آفریدی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان ٹیم ورلڈ کپ جیتنے کے لیے بھرپور کوشش کرے گی اور بیٹنگ، باؤلنگ اور فیلڈنگ سمیت تمام شعبوں میں بہتر کارکردگی دکھانے کی کوشش جاری رکھے گی۔