ٹرائی سیریز:پاکستان کی سری لنکا کے خلاف 37 رنز سے فتح

راولپنڈی : پاکستان نےٹرائی سیریز کےپہلےمقابلے میں سری لنکا کو رنز سے ہرا کر ٹورنامنٹ میں کامیاب پیش قدمی کی ہے۔

راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلےگئے پہلے میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلےفیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔

پاکستان کی بیٹنگ کا آغاز توقعات کے مطابق نہ ہوسکا اور اوپنرز فخر زمان اور صائم ایوب زیادہ دیر کریز پر نہ ٹھہر سکے۔ صائم ایوب 7 رنز بنانے کے بعد 23 کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہوئے، جبکہ فخر زمان نے 16 رنز کی اننگز کھیلی اور 32 کے اسکور پر پویلین واپس لوٹ گئے۔

اس کے بعد بابر اعظم اور سعد بیگ نے ذمہ داری سنبھالی اور اسکور کو 106 رنز تک پہنچایا، تاہم بابر اعظم 45 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔ سعد بیگ نے 39 رنز کی اننگز کھیلی لیکن وہ بھی ٹیم کے 118 رنز پر آؤٹ ہوگئے۔

پانچویں وکٹ پر سلمان علی آغا اور حسن نواز نے عمدہ شراکت قائم کرتے ہوئے 97 رنز جوڑے۔ دونوں کی کوششوں سے پاکستان کا مجموعہ 215 رنز تک پہنچا، جہاں حسن نواز 37 رنز بنا کر وکٹ گنوا بیٹھے۔

بعد ازاں عرفات منہاس نے سلمان علی آغا کا ساتھ دیا اور دونوں نے چھٹی وکٹ کے لیے 64 رنز کا اضافہ کیا۔ عرفات منہاس 18 رنز بنا کر 279 کے مجموعے پر آؤٹ ہوئے۔

اختتامی مرحلے میں شاہین شاہ آفریدی نے 13 جبکہ فہیم اشرف نے 6 رنز بنائے، نسیم شاہ اور حارث رؤف بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔۔

دوسری جانب سلمان علی آغا نے شاندار بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور اپنے کیریئر کی چوتھی سنچری مکمل کی۔ وہ 291 رنز کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہوئے، جس کے بعد پاکستانی ٹیم آخری اوورز میں زیادہ رنز کا اضافہ نہ کرسکی اور 305 رنز پر پوری ٹیم پویلین لوٹ گئی۔

سری لنکا کی جانب سے ایشان ملنگا سب سے کامیاب بولر رہے، انہوں نے 4 پاکستانی بیٹرز کو پویلین کی راہ دکھائی، اسیتھا فرنینڈو نے 3 جبکہ دلشان مدھوشنکا نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔

ہدف کےتعاقب میں سری لنکا کی پوری ٹیم 48.1 اوورز میں آؤٹ ہوگئے۔ آئی لینڈرز 268 رنز ہی بناسکی۔