ممبئی کے علاقے جوہو میں بالی ووڈ اداکار ٹائیگر شراف سے منسوب مقام کے قریب فائرنگ کے واقعے نے خوف و ہراس پھیلا دیا۔ پولیس کے مطابق اداکار محفوظ ہیں، جبکہ فائرنگ کے دوران دو افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔ زخمیوں میں امیش چودھری اور اداکار کے ڈرائیور فردوس کے نام سامنے آئے ہیں۔
پولیس کے مطابق واقعہ جوہو کے پشپا پارک میں پیش آیا، جہاں موٹر سائیکل پر سوار تین افراد نے فائرنگ کی۔ واقعے کے بعد پولیس نے تحقیقات کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے 15 خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں، جبکہ ایک مشتبہ شخص کو حراست میں لے کر تفتیش کی جارہی ہے۔
تحقیقاتی ٹیمیں کرلا، باندرہ، کلیان اور دادر سمیت مختلف مقامات پر مشتبہ افراد کی نقل و حرکت کا سراغ لگانے میں مصروف ہیں۔ پولیس حملے میں استعمال ہونے والی موٹر سائیکل، ملزمان کی شناخت اور فائرنگ کے پس پردہ محرکات جاننے کی کوشش کر رہی ہے۔
واقعے پر مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس نے ٹائیگر شراف سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا اور ملزمان کی شناخت کرکے انہیں گرفتار کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ دوسری جانب پولیس حکام نے اسپتال پہنچ کر زخمیوں سے معلومات حاصل کیں، جبکہ اداکار سے بھی ابتدائی پوچھ گچھ کیے جانے کی اطلاعات ہیں۔
عینی شاہد اور وی لاگر سلمیٰ شیخ کے مطابق ایک شخص پستول لے کر آیا اور اچانک فائرنگ شروع کردی۔ ابتدا میں لوگوں نے آوازوں کو پٹاخے سمجھا، تاہم گولیاں چلنے پر وہاں موجود افراد میں بھگدڑ مچ گئی۔
ادھر سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ایک مبینہ آڈیو ریکارڈنگ میں انیل پنڈت نامی شخص حملے کی ذمہ داری لینے کا دعویٰ کرتا سنائی دیتا ہے، جبکہ اس میں سلمان خان کے لیے دھمکی آمیز الفاظ بھی موجود ہونے کی اطلاعات ہیں۔ تاہم آڈیو کی صداقت اور حملے سے اس کے تعلق کی آزادانہ تصدیق نہیں ہوسکی۔ پولیس تمام پہلوؤں کا جائزہ لے رہی ہے اور تفتیش مکمل ہونے کے بعد ہی واقعے سے متعلق مزید حقائق سامنے آسکیں گے۔


