اسلام آباد: وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے انکشاف کیا ہے کہ پاکستان پوسٹ کا سالانہ خسارہ 12 ارب روپے تک پہنچ چکا ہے، جبکہ پنشن کے اخراجات بھی شامل کیے جائیں تو مجموعی سالانہ مالی خسارہ 19 ارب روپے تک ہو جاتا ہے۔
سینیٹ میں پاکستان پوسٹ سے متعلق سوال کے جواب میں وفاقی وزیر مواصلات نے بتایا کہ ادارے کو درپیش مالی مشکلات کے خاتمے کے لیے نئی پالیسی لائی جا رہی ہے، جس کا بنیادی مقصد پہلے مرحلے میں پاکستان پوسٹ کے خسارے کو ختم کرنا ہے۔
عبدالعلیم خان کے مطابق پاکستان پوسٹ کے مالی نقصانات ایک بڑا چیلنج ہیں اور پنشن کے اخراجات شامل ہونے سے ادارے پر مالی دباؤ مزید بڑھ جاتا ہے۔ حکومت اس صورت حال سے نمٹنے کے لیے پالیسی اقدامات کرے گی تاکہ ادارے کے خسارے پر قابو پایا جا سکے۔
دوسری جانب وفاقی وزیر مواصلات نے لواری ٹنل میں لائٹنگ سسٹم کی تنصیب کے حوالے سے بتایا کہ اس مقصد کے لیے 36 ارب روپے درکار ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ رواں مالی سال بجٹ محدود ہے، تاہم اس کے باوجود کوشش کی جائے گی کہ لواری ٹنل میں لائٹنگ کا کام مکمل ہو سکے۔
سینیٹ میں گفتگو کے دوران عبدالعلیم خان نے گورنر راج کے معاملے پر بھی اپنا مؤقف پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس معاملے میں ان کا کوئی قصور نہیں۔


