پبلک ٹرانسپورٹ حادثات میں پنجاب سرفہرست

اسلام آباد: ملک بھر میں گزشتہ 2 برسوں کے دوران پبلک سروس وہیکلز (پی ایس وی) کے حادثات میں 407 افراد جاں بحق جبکہ 622 زخمی ہوئے۔

سینیٹ میں وزارت مواصلات کی جانب سے پیش کیے گئے تحریری جواب میں 2024 سے 2026 تک پبلک ٹرانسپورٹ کے حادثات سے متعلق اعداد و شمار سامنے آگئے۔

دستاویز کے مطابق مذکورہ عرصے کے دوران ملک بھر میں پبلک سروس وہیکلز کے مجموعی طور پر 1329 حادثات رپورٹ ہوئے۔ ان حادثات میں جانی نقصان کے اعتبار سے پنجاب اور سندھ نمایاں رہے۔

وزارت مواصلات کے تحریری جواب کے مطابق پنجاب میں پی ایس وی کے 183 حادثات رپورٹ ہوئے، جن کے نتیجے میں 206 افراد جاں بحق اور 290 زخمی ہوئے۔

دوسری جانب سندھ میں اسی عرصے کے دوران 87 حادثات پیش آئے، جن میں 192 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 135 زخمی ہوئے۔

دستاویزات کے مطابق خیبر پختونخوا میں 2024 سے 2026 تک پبلک سروس وہیکلز کے 43 حادثات رپورٹ ہوئے، جبکہ بلوچستان میں حادثات کی تعداد 49 رہی۔

وزارت مواصلات کے تحریری جواب میں سالانہ اعداد و شمار بھی سامنے آئے ہیں۔ دستاویز کے مطابق 2025 کے دوران پنجاب میں پبلک سروس وہیکلز کے 87 حادثات رپورٹ ہوئے، جبکہ سندھ میں حادثات کی تعداد 46 رہی۔

اسی طرح 2026 میں پنجاب میں پی ایس وی کے 31 اور سندھ میں 13 حادثات رپورٹ کیے گئے۔

اعداد و شمار کے مطابق پبلک ٹرانسپورٹ حادثات کے نتیجے میں پنجاب میں ہلاکتوں کی تعداد سب سے زیادہ رہی، تاہم سندھ میں بھی حادثات کی نسبت سے جانی نقصان نمایاں ہے۔