جولی ایل ایل بی 4 میں اکشے کمار آؤٹ، ارشد وارثی کی پھر مرکزی کردار میں واپسی

ممبئی: بالی وڈ کی مقبول کورٹ روم کامیڈی فرنچائز ’جولی ایل ایل بی‘ کے چوتھے حصے سے متعلق اہم خبر سامنے آئی ہے۔

بھارتی نیوز ویب سائیٹ ورائٹی انڈیا کی رپورٹ کے مطابق اداکار ارشد وارثی ایک بار پھر وکیل جولی کے کردار میں واپسی کے لیے تیار ہیں۔

رپورٹ کے مطابق جولی ایل ایل بی 4 میں ارشد وارثی ایک مرتبہ پھر مرکزی وکیل کا کردار نبھاتے دکھائی دے سکتے ہیں۔ انہوں نے 2013 میں ریلیز ہونے والی فرنچائز کی پہلی فلم میں جگدیش تیاگی عرف جولی کا کردار ادا کیا تھا، جسے ناظرین نے پسند کیا۔

پہلی فلم کی کامیابی کے بعد دوسرے حصے جولی ایل ایل بی 2 میں اکشے کمار نے مرکزی کردار سنبھالا، جبکہ تیسرے حصے میں دونوں اداکار ایک ساتھ نظر آئے۔ تیسری فلم میں دونوں وکلا کے درمیان یہ دلچسپ مقابلہ دکھایا گیا کہ اصل جولی کون ہے۔

اب چوتھے حصے میں ارشد وارثی کی ممکنہ واپسی نے فلم کے حوالے سے دلچسپی بڑھا دی ہے۔ تاہم ابھی تک یہ واضح نہیں کہ اکشے کمار بھی فلم کا حصہ ہوں گے یا نہیں۔

ورائٹی انڈیا کی رپورٹ کے مطابق، نئی فلم سابقہ کہانی کو آگے بڑھانے کے بجائے پریکوئل ہوگی، یعنی اس میں پہلے پیش آنے والے واقعات دکھائے جائیں گے۔

فلم کا حتمی نام بھی ابھی طے نہیں ہوا۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ منصوبہ اس وقت پری پروڈکشن کے آخری مراحل میں ہے اور شوٹنگ مکمل کرنے کے لیے جنوری 2027 کا ہدف رکھا گیا ہے۔

اگر یہ تفصیلات درست ثابت ہوتی ہیں تو نئی فلم میں جولی کے کردار کی ابتدائی زندگی اور اس کے وکالت کے سفر کے بارے میں مزید جاننے کا موقع مل سکتا ہے۔ تاہم کہانی کی تفصیلات اور کرداروں کے حوالے سے حتمی اعلان سامنے آنا باقی ہے۔

جولی ایل ایل بی سیریز کی کامیابی میں کورٹ روم ڈرامے، سماجی مسائل اور مزاحیہ مکالموں کا اہم کردار رہا ہے۔ پہلی فلم میں ارشد وارثی کے ساتھ سوربھ شکلا، امریتا راؤ، بومن ایرانی، موہن کپور اور سنجے مشرا جیسے اداکار بھی شامل تھے۔