ون ڈے ٹرائی سیریز : پاکستان نے انگلینڈ کو 87 رنز سے ہرا دیا

راولپنڈی: پاکستان نے ون ڈے ٹرائی سیریز کے اہم مقابلے میں انگلینڈ کو 87 رنز سے شکست دے دی۔

راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 302 رنز بنائے، جواب میں انگلینڈ کی پوری ٹیم 38.4 اوورز میں 215 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔

پاکستان نے بیٹنگ شروع کی تو ابتدائی مرحلے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور ایک موقع پر ٹیم کی پانچ وکٹیں 133 رنز پر گر چکی تھیں۔ اس نازک صورتحال میں حسن نواز اور عرفات منہاس نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے اننگز کو سنبھالا اور اہم شراکت قائم کی۔

حسن نواز نے 79 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی جبکہ عرفات منہاس نے 58 گیندوں پر 59 رنز بنا کر پاکستان کے مجموعے کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔ بعد میں فہیم اشرف نے تیز رفتار 39 رنز بنا کر آخری اوورز میں رنز کی رفتار بڑھائی۔

پاکستان نے آخری 10 اوورز میں 91 رنز بنائے اور مقررہ 50 اوورز میں 302 رنز کا مجموعہ ترتیب دیا۔

انگلینڈ کا اچھا آغاز، پھر بیٹنگ لائن بکھر گئی

انگلینڈ نے 303 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پراعتماد آغاز کیا۔ ٹام بینٹن اور بین ڈکٹ نے ابتدائی وکٹ کے لیے 91 رنز کی شراکت قائم کرکے پاکستان پر دباؤ بڑھا دیا۔

تاہم انگلینڈ کی اننگز آگے بڑھنے کے ساتھ پاکستانی بولرز نے مقابلے پر گرفت مضبوط کرلی۔ وکٹیں مسلسل گرنے لگیں اور انگلینڈ کا اسکور 165 رنز سے آگے بڑھنے کے باوجود بیٹنگ لائن مکمل طور پر دباؤ کا شکار ہوگئی۔

عرفات منہاس کا آل راؤنڈ کارنامہ

پاکستان کی فتح کے مرکزی کردار عرفات منہاس رہے۔ 21 سالہ آل راؤنڈر نے پہلے بیٹنگ میں قیمتی نصف سنچری اسکور کی اور پھر گیند سے انگلینڈ کے بیٹنگ آرڈر کو تہس نہس کردیا۔

عرفات منہاس نے صرف 40 رنز دے کر 6 وکٹیں حاصل کیں، جو ان کے ون ڈے کیریئر کی بہترین بولنگ کارکردگی ہے۔ ان کی شاندار آل راؤنڈ پرفارمنس نے پاکستان کی فتح میں فیصلہ کن کردار ادا کیا۔

انگلینڈ کی ٹیم 38.4 اوورز میں 215 رنز بنا کر آل آؤٹ ہوگئی اور پاکستان نے میچ 87 رنز سے اپنے نام کرلیا۔