ممبئی: بالی ووڈ کے سپر اسٹار شاہ رخ خان کی آنے والی فلم کنگ نے ریلیز سے پہلے ہی فلمی دنیا میں دھوم مچا دی ہے۔ فلم کے بیرونِ ملک نمائش کے حقوق 175 کروڑ روپے کی خطیر رقم میں فروخت کیے گئے ہیں، جسے بھارتی سنیما کی بڑی ڈیل قرار دیا جا رہا ہے۔
شاہ رخ خان کی نئی فلم کنگ کی ریلیز کا انتظار کرنے والے مداحوں کے لیے ایک بڑی خبر سامنے آئی ہے۔ دسمبر 2026 میں سینما گھروں کی زینت بننے والی اس فلم نے ریلیز سے قبل ہی بین الاقوامی مارکیٹ میں غیر معمولی توجہ حاصل کر لی ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق فلم کے اوورسیز تھیٹریکل رائٹس 175 کروڑ روپے کی کم از کم گارنٹی پر حاصل کیے گئے ہیں۔فارس فلمز نے کنگ کو بیرونِ ملک ریلیز کرنے کے حقوق حاصل کیے ہیں۔
اس ڈیل کو بھارتی فلمی صنعت کے لیے ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، کیونکہ اس سے پہلے کسی بھارتی فلم کے اوورسیز رائٹس کے لیے 100 کروڑ روپے کی حد عبور کرنے کی مثال سامنے نہیں آئی تھی۔
فلم کنگ سے توقعات وابستہ ہونے کی ایک بڑی وجہ شاہ رخ خان کی بین الاقوامی مقبولیت ہے۔ ان کی گزشتہ فلموں پٹھان اور جوان نے بھی بیرونِ ملک شاندار کاروبار کیا تھا، جس کے بعد عالمی مارکیٹ میں ان کی فلموں کی اہمیت مزید بڑھ گئی۔
رپورٹ کے مطابق ماضی میں شاہ رخ خان کی فلموں کی بیرونِ ملک تقسیم کے حقوق زیادہ تر یش راج فلمز کے پاس رہے۔ اسی کمپنی نے 2023 میں پٹھان اور جوان کو عالمی سطح پر ریلیز کیا تھا۔ تاہم اس مرتبہ کنگ کے اوورسیز ڈسٹری بیوشن حقوق فارز فلمز نے حاصل کیے ہیں، جسے بین الاقوامی فلمی تقسیم کا تجربہ حاصل ہے۔
کمپنی اس سے قبل بھی متعدد بھارتی فلموں کی بیرونِ ملک نمائش میں کردار ادا کر چکی ہے، جبکہ اداکار پربھاس کی فلم ساہو کی بین الاقوامی ریلیز بھی اس کے نمایاں منصوبوں میں شامل رہی ہے۔
منیمم گارنٹی کیا ہوتی ہے؟
فلمی کاروبار میں منیمم گارنٹی اس رقم کو کہا جاتا ہے جو ڈسٹری بیوٹر کسی فلم کے حقوق حاصل کرنے کے لیے پہلے سے طے شدہ ضمانت کے طور پر ادا کرتا ہے۔ اس کا مطلب یہ ہوتا ہے کہ ڈسٹری بیوٹر فلم کی کامیابی اور مستقبل کی کمائی پر اعتماد کرتے ہوئے ایک مخصوص رقم کی ذمہ داری لیتا ہے۔
کنگ کے معاملے میں 175 کروڑ روپے کی منیمم گارنٹی کو فلم کے لیے ایک بڑی تجارتی کامیابی سمجھا جا رہا ہے۔ تاہم یہ رقم فلم کی سینما گھروں میں ہونے والی مجموعی کمائی نہیں بلکہ بیرونِ ملک نمائش کے حقوق کے حصول سے متعلق ڈیل ہے۔
رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ بیرونِ ملک باکس آفس کی آمدنی میں ڈسٹری بیوٹرز کو عموماً ایک حصہ ملتا ہے، اس لیے حقوق کی قیمت اور فلم کی اصل کمائی کو الگ الگ سمجھنا ضروری ہے۔
کنگ سے بڑی توقعات
شاہ رخ خان کی فلمیں پٹھان اور جوان بیرونِ ملک بھی کامیاب رہی تھیں اور دونوں نے عالمی مارکیٹ میں تقریباً 400 کروڑ روپے کا کاروبار کیا تھا۔ یہی پس منظر کنگ کے لیے بھی بڑی توقعات پیدا کر رہا ہے۔
فلم کی ایک اور خاص بات یہ ہے کہ اس کے ذریعے شاہ رخ خان کی بیٹی سہانا خان بھی سینما گھروں میں اپنا ڈیبیو کرنے جا رہی ہیں۔ فلم کی کاسٹ اور دیگر تفصیلات کے باعث پہلے ہی شائقین میں خاصا جوش پایا جاتا ہے۔
اب فلم کے ٹیزر اور دیگر تشہیری مواد کا انتظار ہے۔ شاہ رخ خان کی سالگرہ 2 نومبر کو ہے اور بھارتی میڈیا میں یہ قیاس آرائیاں بھی جاری ہیں کہ اس موقع پر فلم کا ٹیزر یا کوئی گانا پیش کیا جا سکتا ہے۔


