ہنی سنگھ کے گھر صف ماتم، بھتیجا ٹریفک حادثے میں جاں بحق، گلوکار کا پیغام بھی آگیا

چندی گڑھ: بھارتی گلوکار اور ریپر یو یو ہنی سنگھ کے خاندان پر غم کا پہاڑ ٹوٹ پڑا، ان کے بھتیجے ودت اولک پنجاب کے شہر جالندھر میں پیش آنے والے ایک خوفناک ٹریفک حادثے میں جان کی بازی ہار گئے۔ حادثے میں ان کے ساتھ موجود دوست آرو تلواڑ بھی زندگی کی بازی ہار گئے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ اتوار کی علی الصبح پیش آیا، جب ودت اولک اور ان کے دوست ایک سالگرہ کی تقریب سے واپس آ رہے تھے۔ دونوں ایک ووکس ویگن گاڑی میں سوار تھے کہ جالندھر کے پولیس لائنز کے قریب ایک فلائی اوور پر ان کی گاڑی بے قابو ہوکر وہاں کھڑی میونسپل کارپوریشن کی ٹریکٹر ٹرالی سے ٹکرا گئی۔

تصادم اتنا شدید تھا کہ گاڑی بری طرح تباہ ہوگئی اور اس میں موجود دونوں نوجوان جانبر نہ ہوسکے۔ حادثے کی اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچ گئی اور ضروری کارروائی کے بعد لاشیں ورثا کے حوالے کردیں۔

ہنی سنگھ نے سوشل میڈیا پر کیا لکھا؟

بھتیجے کی اچانک موت کی خبر نے ہنی سنگھ کو بھی گہرے دکھ سے دوچار کردیا۔ گلوکار نے انسٹاگرام اسٹوری کے ذریعے اپنے غم کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ یہ ان کے لیے دکھوں سے بھرا ایک عشرہ رہا ہے اور انہوں نے اپنا بھتیجا کھو دیا ہے۔

ہنی سنگھ نے اپنے پیغام میں گہرے غم اور افسوس کا اظہار کیاہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ودت اولک معروف پنجابی میوزک کمپنی اسپیڈ ریکارڈز کے مالک دنیش اولک کے صاحبزادے اور ہنی سنگھ کے بھتیجے تھے۔ حادثے میں جاں بحق ہونے والے دوسرے نوجوان آرو تلواڑ، پاپی سویٹس کے مالک کے بیٹے تھے۔

پولیس کے مطابق حادثے کی اطلاع اتوار کی صبح تقریباً 3 بجے موصول ہوئی۔ اس وقت میونسپل کارپوریشن کا عملہ فلائی اوور پر صفائی کے کام میں مصروف تھا اور کچرا جمع کرنے کے لیے ٹریکٹر ٹرالی وہاں کھڑی کی گئی تھی۔

گاڑی بی ایم سی چوک سے بی ایس ایف چوک کی جانب جا رہی تھی کہ ڈرائیور کے کنٹرول سے باہر ہونے کے بعد ٹریکٹر ٹرالی سے جا ٹکرائی۔

پولیس حکام کے مطابق گاڑی میں حادثے سے قبل پانچ افراد سوار تھے، تاہم حادثے کے وقت اس میں صرف ودت اولک اور آرو تلواڑ موجود تھے، جبکہ دیگر تین افراد پہلے ہی گاڑی سے اتر چکے تھے۔

پولیس نے واقعے کی تحقیقات کیں، تاہم اہل خانہ کی جانب سے مزید قانونی کارروائی نہ کروانے کے فیصلے کے بعد لاشیں ورثا کے حوالے کردی گئیں۔