کراچی: کیا آپ نے کبھی محسوس کیا ہے کہ صبح نیند سے بیدار ہوتے وقت آپ کا قد معمول سے کچھ زیادہ محسوس ہوتا ہے، لیکن دن گزرنے کے ساتھ یہ فرق کم ہوجاتا ہے؟ دراصل یہ محض احساس نہیں بلکہ اس کے پیچھے ایک سائنسی وجہ موجود ہے۔
انسان کی ریڑھ کی ہڈی کئی چھوٹی ہڈیوں پر مشتمل ہوتی ہے، جن کے درمیان نرم اور لچک دار ڈسکس موجود ہوتی ہیں۔ یہ ڈسکس جسم کو حرکت دینے، جھٹکے برداشت کرنے اور ریڑھ کی ہڈی کو سہارا دینے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔
طبی ماہرین کے مطابق دن بھر کھڑے رہنے، چلنے پھرنے اور بیٹھنے کے دوران جسمانی وزن اور کششِ ثقل کے باعث ان ڈسکس پر دباؤ پڑتا ہے۔ اس دباؤ سے ان میں موجود پانی کی مقدار عارضی طور پر کم ہوتی ہے اور ان کی موٹائی میں معمولی کمی آسکتی ہے۔
اس کے برعکس جب انسان رات کو لیٹ کر سوتا ہے تو ریڑھ کی ہڈی پر پڑنے والا دباؤ کم ہوجاتا ہے۔ اس دوران ڈسکس دوبارہ پانی جذب کرتی ہیں اور اپنی سابقہ موٹائی کے قریب پہنچ جاتی ہیں۔
یہی وجہ ہے کہ صبح اٹھنے کے فوراً بعد انسان کا قد دن کے مقابلے میں معمولی سا زیادہ ہوسکتا ہے۔


